Jan ۰۷, ۲۰۲۴ ۱۷:۴۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان: ملک آئینی جمہوریت سے بتدریج جانبداریت کی طرف بڑھ رہا ہے، جماعت اسلامی ہند

جماعت اسلامی ہند کے نائب صدر نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ہند اس بات پر تشویش کا اظہار کرتی ہے کہ ہمارا ملک آئینی جمہوریت سے بتدریج جانبداریت اور اکثریت پسندی کی طرف بڑھ رہا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: دہلی سے موصولہ یواین آئی کی رپورٹ کے مطابق جماعت اسلامی ہند کے نائب صدر پروفیسر محمد سلیم نے جماعت کے صدر دفتر میں "پریس میٹ" کے دوران کہا کہ جماعت اسلامی ہند اس بات پر تشویش کا اظہار کرتی ہے کہ ہمارا ملک آئینی جمہوریت سے بتدریج جانبداریت اور اکثریت پسندی کی طرف بڑھ رہا ہے جس کی نشاندہی متعدد واقعات سے ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی حال ہی میں ہونے والے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں اپوزیشن کے تقریباً تمام ہی اراکین کو بغیر کسی ٹھوس الزام کے معطل کردیا گیا۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ بغیر اپوزیشن کے پارلیمنٹ میں احتساب کا پہلو صفر اور حکومت کے فیصلوں اور اقدامات پر سوال کرنے والا کوئی موجود نہیں رہا۔ اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے برسر اقتدار پارٹی فوجداری قوانین، ٹیلی کمیونیکیشن ایکٹ اور الیکش کمیشن آف انڈیا کی تقرری جیسے قوانین بلا روک ٹوک پاس کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ جو نئے فوجداری قوانین پاس کئے گئے اور جو ضابطے بنائے گئے، ان پر قانونی ماہرین تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔
پروفیسر سلیم نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند رام مندر کے افتتاح کو سیاسی پروپیگنڈے اور انتخابی منافع کمانے کا ذریعہ بنانے پر افسوس کا اظہار کرتی ہے۔ ایسا لگ رہا ہے کہ رام مندر کا افتتاح بی جے پی کا ’انتخابی پروگرام‘ اور وزیر اعظم کی ’سیاسی ریلی‘ میں بدل گیا ہے۔
پروفیسر سلیم نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند، غزہ پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتی ہے جہاں جنگ شروع ہونے کے بعد سے 22 ہزار سے زیادہ فلسطینیوں کو قتل کیا گیا۔ وہاں عام نہتے شہریوں بالخصوص معصوم بچوں اور خواتین کی نسل کشی، اسپتالوں اور اسکولوں پر اندھا دھند بمباری و دیگر غیر انسانی کارروائیاں بلا روک جاری ہیں اور عالمی برادری اس خوفناک قتل عام پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ غزہ پر اسرائیلی جنگ نے صیہونیوں، امریکہ اور بعض یورپی ممالک کا مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا ہے جبکہ فلسطینی عوام نے جس حوصلے کے ساتھ اسرائیل کی جارحیت کا مقابلہ کیا اور غیر معمولی صبر و استقامت کا مظاہرہ کررہے ہیں وہ قابل تعریف ہے۔

جماعت، اسرائیل کے ذریعہ فلسطینیوں کی اس نسل کشی کی شدید مذمت کرتی ہے اور عالمی برادری و اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ اسرائیل پر پابندیاں عائد کرکے فوری طور پر مستقل جنگ بندی کو عمل میں لائیں۔

 

ٹیگس