ہندوستان: کیجریوال کے بعد فاروق عبداللہ بھی ای ڈی کے دفتر نہیں پہنچے
ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ طلب کئے جانے کے باوجود جمعرات کو ای ڈی کے دفتر میں پیش نہیں ہوئے۔ اس سے پہلے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال بھی ای ڈی کے دفتر میں پیش نہیں ہوئے تھے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: سری نگر سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ، نیشنل کانفرنس کے سربراہ اور رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ سمن بھیج کر طلب کئے جانے کے باوجود بھی جمعرات کو مالی تفتیشی ادارے انفورسمینٹ ڈائریکٹوریٹ، ای ڈی، کے دفتر میں پیش نہیں ہوئے۔
اطلاعات کے مطابق فاروق عبداللہ نے ای ڈی کو ای میل اور خط کے ذریعے بتایا ہے کہ وہ خرابی صحت کے سبب حاضر نہیں ہو سکتے۔ ادھر نیشنل کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ تفتیشی ایجنسی کے ساتھ تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہماری سیاست سچ پر مبنی ہے، پہلے بھی تعاون کیا ہے، آگے بھی تعاون کریں گے۔‘‘
واضح رہے کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو ای ڈی نے جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن (جے کے سی اے) میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے سلسلے میں جمعرات کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے دہلی کے وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے رہنما اروند کیجریوال بھی طلب کئے جانے کے باجود ای ڈی کے دفتر میں پیش نہیں ہوئے تھے۔ اروند کیجریوال کو ای ڈی نے مبینہ شراب اسکینڈل کیس کے سلسلے میں گزشتہ سال 2 نومبر اور 21 دسمبر کو اور تیسری بار 3 جنوری کو طلب کیا تھا لیکن کیجریوال ای ڈی کے دفتر نہیں گئے تھے۔
اروند کیجریوال نے کہا تھا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جھوٹے الزامات اور فرضی سمن بھیج کر انہیں بدنام اوران کی ایمانداری کو ٹھیس پہنچانا چاہتی ہے۔
کیجریوال کا کہنا تھا کہ ‘بی جے پی کا مقصد تحقیقات کرنا نہیں ہے، بی جے پی کا مقصد تو مجھے لوک سبھا انتخابات میں مہم چلانے سے روکنا ہے۔