Jan ۲۵, ۲۰۲۴ ۱۴:۴۰ Asia/Tehran
  • ممبئی کے مسلم علاقوں میں بلڈوزر ایکشن

ممبئی کے مختلف مسلم علاقوں میں بلڈوزر ایکشن جاری ہے اور اب میرا روڈ کے بعد قدیم ممبئی کے علاقے محمد علی روڈ پر بھی دوکانوں کو بلڈوزروں سے گرادیا گیا ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: ایودھیا میں رام مندر کی افتتاحی تقریب سے ایک رات قبل ممبئی کے میرا روڈ میں جہاں مسلمانوں کی اکثریت ہے شدت پسند ہندو گروہوں نے شوبھایاترا نکالی اور اس دوران بھیڑ کی جانب سے اشتعال انگیز نعرے لگائے گئے۔
شوبھا یاترا میں شریک لوگوں کی اشتعال انگیزی کے بعد فرقہ وارانہ فسادات پھوٹ پڑے اور ایک دوسرے پر پتھروں سے حملہ کیا گیا۔ اس واقعے کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اور مہاراشٹر کے نائب وزیراعلی فوڈنویس نے اعلان کردیا تھا کہ وہ میرا روڈ میں فسادات میں ملوث لوگوں کی دوکانوں اور گھروں کو گرا دیں گے۔ اس کے اگلے ہی دن مقامی انتظامیہ نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ میرا روڈ کے مختلف علاقوں اور خاص طور پر حیدری چوک کے آس پاس کی دوکانوں اور گھروں کو کسی پیشگی نوٹس کے بغیر منہدم کردیا۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق اسی طرح کی کارروائی مسلم اکثریتی علاقے ممبرا میں بھی کی گئی اور اب ممبئی کے قدیمی علاقے محمد علی روڈ پر بھی واقع دوکانوں کو جو عشروں سے وہاں موجود تھیں، منہدم کردیا گیا ہے۔
مسلم رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یہ حکومت کی یکطرفہ کارروائی ہے جبکہ اشتعال انگیزی کرنے والے عناصر کے خلاف کوئي کارروائی نہيں کی جارہی ہے۔

ٹیگس