ہندوستان: ایک ہفتے میں متنازع قانون سی اے اے کے نفاذ کا مرکزی وزیر کا اعلان
ہندوستان کے مرکزی وزیر شانتنو ٹھاکر نے کہا ہے کہ اگلے ایک ہفتے میں پورے ملک میں شہریت ترمیمی ایکٹ، سی اے اے، نافذ ہوجائے گا۔
سحرنیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کے مرکزی وزیر شانتنو ٹھاکر نے کہا ہے کہ اگلے ایک ہفتے میں شہریت ترمیمی قانون، سی اے اے، پورے ملک میں نافذ ہوجائے گا۔ دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق مرکزی وزیر شانتنو ٹھاکر نے جنوبی 24 پرگنہ کے ایک علاقے میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں گارنٹی دے رہا ہوں کہ اگلے 7 دنوں میں نہ صرف بنگال میں بلکہ پورے ملک میں سی اے اے نافذ ہوجا ئے گا۔
شانتنو ٹھاکر نے اپنی تقریر میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی بات کا اعادہ کیا ہے۔ گزشتہ سال دسمبر میں امت شاہ نے کہا تھا کہ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت سی اے اے قانون کو نافذ کرے گی اور اسے کوئی نہیں روک سکتا۔
واضح رہے کہ دسمبر 2019 میں ہندوستانی پارلیمنٹ میں سی اے اے پاس کیا گیا تھا۔ اس قانون میں بنگلہ دیش، پاکستان اور افغانستان سے 31 دسمبر 2014 تک ہندوستان آنے والے غیر مسلموں (ہندو، سکھ، جین، بودھ، پارسی اور عیسائی) کو شہریت دیئے جانے کی بات کہی گئی ہے۔ قانون پاس ہونے اور صدر جمہوریہ کی منظوری ملنے کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں اس کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے۔