Feb ۲۴, ۲۰۲۴ ۱۹:۴۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان: کانگریس اور ‏عآپ کے درمیان دہلی سمیت 5 ریاستوں میں انتخابی اتحاد

ہندوستان کی قدیم اور اہم پارٹی کانگریس اور عام آدمی پارٹی (عآپ) کے درمیان آئندہ پارلیمانی انتخابات کے لئے اتحاد ہوگیا ہے۔ دونوں پارٹیوں نے دہلی سمیت پانچ ریاستوں میں اتحاد کا اعلان کیا ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق آئندہ پارلیمانی انتخابات سے پہلے کانگریس اور عام آدمی پارٹی (عآپ) نے 5 ریاستوں میں اتحاد کا اعلان کردیا۔ آج ہفتے کو دہلی میں دونوں پارٹیوں کے لیڈران نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس کی جس میں دہلی سمیت ملک کی 5 ریاستوں میں اتحاد کا اعلان کیا گيا۔

اس پریس کانفرنس میں عآپ کی طرف سے سندیپ پاٹھک، آتشی اور سوربھ بھاردواج نے حصہ لیا۔ مکل واسنک، دیپک باوریا اور ارویندر لَولی کانگریس کی طرف سے پریس کانفرنس میں شریک تھے۔

عآپ دہلی کی 4 لوک سبھا سیٹوں نئی دہلی، مغربی دہلی، جنوبی دہلی اور مشرقی دہلی پر الیکشن لڑے گی جب کہ کانگریس چاندنی چوک سیمت دہلی کی باقی 3 سیٹوں پر الیکشن لڑے گی۔

گجرات کی 26 سیٹوں میں سے کانگریس 24 پر اور عآپ  2سیٹوں پر قسمت آزمائے گی۔ وہیں چنڈی گڑھ  کی ایک اور گوا کی دونوں سیٹوں پر کانگریس مقابلہ کرے گی۔ ہریانہ میں لوک سبھا کی 10 نشستوں میں سے کانگریس 9 سیٹوں پر اور عآپ 1سیٹ (کروکشیتر) پر الیکشن لڑے گی۔

 

ٹیگس