نریندر مودی نے جموں و کشمیر کے لوگوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، عمر عبداللہ
ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سری نگر کی تقریر میں کوئی نئی بات نہیں تھی، جموں و کشمیر کے لوگوں کی امیدوں پر انہوں نے پانی پھیر دیا۔
سحرنیوز/ ہندوستان: سری نگر سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے اپنی پارٹی کی ایک تقریب میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی یہاں آئے اور تقریر کی لیکن ان کی تقریر میں کوئی نئی بات نہیں تھی، وہ خود انتخابات کا اعلان نہیں کر سکتے لیکن انہیں اسمبلی انتخابات کرانے کے بارے میں کچھ تو کہنا چاہیے تھا۔
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا کہ ''میں نے تقریر میں کوئی نئی بات نہیں دیکھی۔ انہوں نے وہی باتیں کہیں جو وہ کہتے رہتے ہیں۔ انہوں نے جمہوریت کی بحالی کے بارے میں ایسا کچھ نہیں کہا جو لوگ سننا چاہتے تھے۔ جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم خود انتخابات کا اعلان نہیں کر سکتے لیکن انہیں کم از کم سپریم کورٹ کی طرف سے مقرر کردہ 31 ستمبر کی آخری تاریخ سے پہلے اسمبلی انتخابات کرانے کے بارے میں کچھ کہنا چاہیے تھا۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ وزیر اعظم کو کہنا چاہئے تھا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے جو مدت دی گئی ہے اس سے قبل انتخابات ہوں گے، انہیں مکمل ریاست کا درجہ دینے سے متعلق بات کرنی چاہئے تھی، انہیں بیروزگار نوجوانوں کے روزگار کے پیکیج کا اعلان کرنا چاہئے تھا، انہیں یومیہ مزدوری کرنے والوں کو مستقل روزگار دینے کے بارے میں کچھ کہنا چاہئے تھا، انہیں بجلی کی قلت کے بارے میں کچھ کہنا چاہئے تھا لیکن انہوں نے ان سب پر کچھ نہیں کہا۔ ہمیں امید تھی کہ مودی ان سب پر کچھ بولیں گے لیکن ہماری امیدوں پر پانی پھر گیا۔