Mar ۱۶, ۲۰۲۴ ۱۷:۰۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان: ہندو اور مسلمان میری دو آنکھیں ہیں، وزیر اعلیٰ تلنگانہ

ہندوستان کی جنوبی ریاست تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر اعظم نریندر مودی مسلمانوں کو دیا جانے والا 4 فی صد ریزرویشن ختم نہیں کرسکتے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: میڈیا ذرائع کے مطابق جنوبی ریاست تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے کہا ہے کہ "میں وزیر داخلہ امت شاہ جی کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ تلنگانہ میں کانگریس کی حکومت ہے۔ امت شاہ اور وزیر اعظم نریندر مودی مسلمانوں کو دیا جانے والا 4 فیصد ریزرویشن ختم نہیں کر سکتے۔"

وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے گزشتہ روز ریاستی دارالحکومت حیدرآباد میں افطار پارٹی کا اہتمام کیا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت حیدرآباد کے پرانے شہر کی ترقی کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کا پرانا شہر ہی اصل شہر ہے۔ انہوں نے دعوتِ افطار سے خطاب کے دوران کہا کہ اس بار بھی کانگریس حکومت اقلیتوں کی ترقی و بہبود کے لیے اچھے پروگرام متعارف کرائے گی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت تلنگانہ میں ایک یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا عہدہ کسی مسلمان کو دیا جائیگا۔

وزیر اعلیٰ  کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کے مفادات کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے اور یہ کہ ہندو اور مسلمان میری دو آنکھیں ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ کانگریس پارٹی سیکولرازم پر یقین رکھتی ہے کہا کہ ریاستی حکومت نے محمد شبیر علی کو حکومت کا مشیر مقرر کیا ہے۔

ٹیگس