ہندوستان: دہلی کے وزیر اعلیٰ کیجریوال کو گرفتار کرلیا گیا، گھر کی تلاشی اور پوچھ گچھ کے بعد ای ڈی کا ایکشن
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو جمعرات کی رات ای ڈی (انفورسمینٹ ڈائریکٹوریٹ) نے گرفتار کر لیا۔ کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
سحرنیوز/ ہندوستان: دہلی سے ملنے والی میڈیا رپورٹوں کے مطابق ای ڈی کی ٹیم نے طویل پوچھ گچھ کے بعد کیجریوال کو سی ایم ہاؤس سے گرفتار کرلیا۔ ای ڈی ذرائع کے مطابق کیجریوال تحقیقات میں تعاون نہیں کر رہے تھے۔
آج شام کے وقت ای ڈی (انفورسمینٹ ڈائریکٹوریٹ) کی ٹیم دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے گھر 10 واں سمن لے کر پہنچی اور کیجریوال کے گھر کی تلاشی میں مصروف ہوگئی۔ اس کے ساتھ ساتھ ای ڈی کے افسران کیجریوال سے پوچھ گچھ بھی کرتے رہے۔ اس سے پہلے ای ڈی نے 9 بار سمن بھیج کر اروند کیجریوال کو مبینہ دہلی شراب اسکینڈل کے سلسلے میں طلب کیا تھا لیکن کیجریوال نے ہر بار پیش ہونے سے انکار کردیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق آج صبح ہی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے دہلی ہائی کورٹ میں مذکورہ کیس کے سلسلے میں گرفتار نہ کئے جانے کی درخواست دی تھی جو کورٹ نے خارج کردی تھی۔
اس کے بعد شام ہوتے ہوتے ای ڈی کی ٹیم وزیر اعلیٰ کے گھر پہنچ گئی اور گھر کی تلاشی اور وزیر اعلیٰ سے پوچھ گچھ شروع کردی۔ لمبی پوچھ گچھ کے بعد ای ڈی کے اہلکاروں نے اروند کیجریوال کو گرفتار کرلیا۔ پوچھ گچھ کے دوران اروند کیجریوال اور ان کے اہل خانہ کے فون ضبط کرلئے گئے تھے۔
گرفتار کرنے کے بعد ای ڈی کی ٹیم میڈیکل چیک اپ کے لئے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو لے کر چلی گئی۔ کل ان کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
اس درمیان وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے گھر کے باہر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں جہاں بڑی تعداد میں پولیس اہلکار اور آر اے ایف کے جوان تعینات ہیں۔ دہلی پولیس نے کیجریوال کے گھر کے باہر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔