زیر حراست اروند کیجریوال کی اپنی حکومت کے لئے ہدایات
عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اتوار کو ای ڈی کی حراست سے اپنی حکومت کے لئے ہدایات جاری کیں ۔
سحر نیوز/ ہندوستان: عام آدمی پارٹی کی سینیئر رہنما اور دہلی کی کابینی وزير آتیشی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ وزیر اعلی اروند کیجریوال کو ای ڈی کی حراست میں اپنی نہیں بلکہ دہلی کے عوام اور ان کے مسائل کی فکر ہے۔انھوں نے بتایا کہ اروند کیجریوال نے دہلی میں پانی اور سیوریج کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے آبی وسائل کی وزارت کے لئے ہدایات جاری کی ہیں۔
دہلی کی کابینی وزیر آتیشی نے اس پریس کانفرنس میں کہا کہ دہلی حکومت کا کام نہیں رکے گا اور زیرحراست اروند کیجریوال کی جانب سے ضروری ہدایات کا سلسلہ جاری رہے گا۔
انھوں نے کہا کہ بی جے پی رہنماؤں کو معلوم ہونا چاہئے کہ وہ اروند کیجریوال کو گرفتار کرکے جیل میں ڈال سکتے ہیں لیکن عوام سے ان کی محبت اور ذمہ داریوں کی ادائیگی کو محدود نہیں کرسکتے۔
دہلی کی کابینی وزیرنے اروند کیجریوال کی تحریر پڑھ کر سنائی جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ " میں دہلی کے کچھ علاقوں میں پانی اور سیوریج سمیت اہم مسائل کے بارے میں فکر مند ہوں ، اگرچہ میں جیل میں ہوں، لیکن لوگوں کو اس کی وجہ سے پریشانی نہیں ہونی چاہئے۔
یاد رہے کہ ہندوستان کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اکیس مارچ کو دہلی کے وزیر اعلی کو ان کی رہائشگاہ سے گرفتار کیا اور دہلی کی ایک خصوصی عدالت نے انہيں چھے دن کے لئے ای ڈی کی تحویل میں دے دیا ہے۔