نوزائیدہ بچوں کی نگہداشت کے مرکز میں آتشزدگی کی تحقیقات شروع
ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں بچوں کے ایک اسپتال میں پیش آنے والے آتشزدگی کے ہولناک واقعہ کے بعد وہاں کے لیفٹیننٹ گورنر سانحے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
سحر نیوز/ہندوستان: دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے چیف سکریٹری نریش کمار کو مشرقی دہلی کے وویک وہار میں بچوں کے اسپتال میں آگ لگنے کے واقعہ کی تحقیقات شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق ایل جی سکسینہ نے یہ اطلاع اپنی ایک ایکس پوسٹ میں دی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے ڈپٹی کمشنر آف پولیس کو بھی تمام سہولیات کو یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔
دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر نے سوگوار خاندانوں کے افراد سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے سبھی متاثرین کو ریلیف کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں گےکہ مجرموں کو سزا دی جائے۔
واضح رہے کہ مشرقی دہلی کے وویک وہار میں واقع ایک اسپتال میں سنیچر کی رات آگ لگنے کے بعد وہاں سے 12 نوزائیدہ بچوں کو بمشکل باہر نکالا گیا تاہم اُن میں سے 6 معصوموں کی موت ہو گئی۔
اس واقعے پر وزیر اعظم نریندر مودی سمیت ملک کی متعدد اہم سیاسی شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے متاثرہ کنبوں کو ’قلیل معاوضہ‘ دینے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ واقعہ احتیاطی اصولوں کی مبینہ خلاف ورزی کرنے کے باعث پیش آیا۔ پولیس نے اسپتال کے منتظم ڈاکٹر کو گرفتار کر لیا ہے۔