کویت میں آتشزدگی کے بعد صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے وزیر اعظم مودی کی میٹنگ
وزیر اعظم مودی نے کویت سٹی میں آتشزدگی کے حادثے کے بعد صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں انہوں نے سوگوار خاندانوں سے اس ناخوشگوار واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا-
سحرنیوز/ ہندوستان: ہندوستان سے موصولہ رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم مودی نے کویت سٹی میں آتشزدگی کے حادثے کے تناظر میں صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں انہوں نے سوگوار خاندانوں سے اس ناخوشگوار واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے ہر مرنے والے کے اہل خانہ کو دو لاکھ روپے کی ایکس گریشیا رقم دینے اور زخمیوں کو پچاس ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ہے-
رپورٹ کے مطابق کویت میں اس واقعے کے بعد حکومت ہند کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ کیرتی وردھن سنگھ کویت روانہ ہو رہے ہیں۔ آگ میں کئی ہندوستانی مزدوروں کے ہلاک ہونے کی خبر کے بعد انہیں وہاں بھیجا گیا ہے-
واضح رہے کہ کل جنوبی کویت کے منقف علاقے میں ایک رہائشی عمارت میں آتشزدگی کا یہ حادثہ پیش آيا جس میں انچاس افرادجھلس کر ہلاک ہوگئے ان میں سے چالیس ہندوستانی ملازمین بھی شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق متاثرہ عمارت میں ایک ہی کمپنی کے ایک سو ساٹھ ملازمین رہائش پذیر تھے-