دہلی میں پینے کے پانی کا بحران
ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں گذشتہ چند دنوں سے پینے کے پانی کا بحران جاری ہے جس میں مزید شدت آگئی ہے، اس درمیان دہلی کی وزیر آتشی کی بھوک ہڑتال آج تیسرے دن بھی جاری ہے
سحر نیوز/ ہندوستان: موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں عام دنوں کے مقابلے پینے کے پانی کی پیداوار میں سو ایم جی ڈی سے زیادہ کی کمی آئی ہے۔
دریں اثنا، دہلی کی وزیر آتشی کی ریاست میں پانی کی قلت کے حوالے سے جاری بھوک ہڑتال آج اتوار کو تیسرے دن بھی جاری رہی-
دہلی کی وزیر آتشی نے کہا کہ ہریانہ کی حکومت نے دہلی کے لیے پانی چھوڑنے والے گیٹ بند کر دیے ہیں۔ ہریانہ حکومت نے دہلی کے پانی کے حق پر تالا لگا دیا ہے۔ آتشی کا کہنا ہے کہ ان کا 'پانی ستیہ گرہ' تب تک جاری رہے گا جب تک دہلی کے لوگوں کو ان کے حق کا پانی نہیں مل جاتا۔
دوسری جانب دہلی حکومت کے وزیر سوربھ بھاردواج نے کہا ہے کہ دہلی کے پینے کے پانی کی پیداوار میں اب ایک سو سترہ ایم جی ڈی کی کمی آگئی ہے- انہوں نے الزام لگایا کہ جب سے لوک سبھا انتخابات کے نتائج کا اعلان ہوا ہے، دہلی کو مسلسل کم پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ اس سے پہلے دہلی میں روزانہ تقریباً ایک ہزار ایم جی ڈی پانی پیدا ہو رہا تھا، جو کہ اکیس جون سے آٹھ سو چھیانوے ایم جی ڈی کر دیا گیا۔