منی پور میں سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ سے متعدد سیکیورٹی اہلکار ہلاک و زخمی
ہندوستان کی شمال مشرقی ریاست منی پور میں نامعلوم مسلح افراد نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی جس میں ایک سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہوئے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈيا کے مطابق شمال مشرقی ریاست منی پور میں تشدد آمیز واقعات کا سلسلہ جاری ہے اور تازہ ترین واقعے میں ریاست کے جیری بام علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے سی آر پی اور ریاستی پولیس کی مشترکہ ٹیم پر حملہ کردیا جس میں سی آر پی ایف کا ایک اہلکار ہلاک اور تین پولیس اہلکار زخمی ہوگئے - یہ حملہ مسلح افراد نے آج صبح ساڑھے نو بجے کیا۔
خبروں میں بتایا گیا ہے کہ یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب سی آر پی ایف اور پولیس کی مشترکہ ٹیم ایک آپریشن میں مصروف تھی - سیکورٹی فورسز کی یہ مشترکہ ٹیم گذشتہ روز کی فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کے لئے مشترکہ آپریشن میں لگی ہوئی تھی اور وہ ایک گاؤں کی طرف جارہی تھی ۔
ریاست منی پور میں ایک سال سے زائد عرصے سے تشدد کے واقعات جاری ہيں اور اس ریاست میں میتیئی اور کوکی قبائل کے درمیان تصادم بدستور جاری ہے جس میں اب تک سیکڑوں افراد مارے جاچکے ہيں جبکہ دسیوں ہزار افراد بے گھر ہوئے ہيں۔