ہندوستان: میرٹھ میں تین منزلہ عمارت منہدم ہونے سے 10 افراد کی موت
ہندوستانی ریاست اترپردیش کے ضلع میرٹھ میں لگاتار کئی دنوں سے ہو رہی بارش سے پچاس سال پرانی تین منزلہ عمارت اچانک منہدم ہوگئی جس میں ایک ہی کنبے کے تین بچوں سمیت دس افراد کی ملبے کے نیچے دبنے سے موت ہوگئی۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش کے ضلع میرٹھ میں حادثے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بڑی تعداد میں لوگ امدادی کارروائیوں میں شامل ہوگئے۔ میرٹھ کے ضلع مجسٹریٹ دیپک مینا نے میڈیا کو بتایا کہ اب تک پندرہ میں سے آٹھ افراد کو بچا لیا گیا ہے، جبکہ کچھ بدقسمتی سے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ عمارت کا مالک نفو علاؤالدین تھا، جو اس جگہ پر ایک ڈیری چلاتا تھا۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے- انہوں نے مرنے والوں کے اہل خانہ کو چار لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ تنگ گلیوں کی وجہ جے سی بی کے موقع پر پہنچے میں ہونے والی پریشانی اور تیز بارش سے راحت رسانی کا کام متاثر ہوا ہے۔
میرٹھ سمیت پورے اتر پردیش میں حالیہ دنوں میں شدید بارشوں اور سیلاب کی صورتحال نے کئی علاقوں کو متاثر کیا ہے۔ ریاست کے مختلف اضلاع میں سیلاب کے باعث اب تک سترہ افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔