Sep ۲۶, ۲۰۲۴ ۱۵:۱۵ Asia/Tehran
  • سڑکوں کی تعمیر کے رکے پروجیکٹوں کی وجہ کیا ہے، کیجریوال نے بتا دیا

ہندوستان کی عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور دہلی کے سابق وزیراعلی نے سڑکوں کی تعمیر کے رکے ہوئے پروجیکٹوں کی تکمیل کا اعلان کیا ہے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق دہلی کے سابق وزیراعلی اروند کیجریوال نے آج دہلی کی وزیر اعلی آتشی کے ساتھ ڈی یو میں سڑکوں کے معائنے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ سڑکوں کی تعمیر کے زیر التوا پروجیکٹوں کو جلد مکمل کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال نے جیل سے رہائی کے بعد گزشتہ دنوں وزارت اعلی کے عہدے سے استعفی دے کر اپنے اوپر لگائے گئے الزامات اور بی جے پی حکومت کی طرف سے انہیں اور ان کے مختلف ساتھیوں کے خلاف بقول ان کے جھوٹے الزمات کے تحت جیل بھیجے جانے کے حوالے سے عوام کی عدالت میں جانے کا اعلان کیا تھا۔

ان کے استعفے کے بعد عام آدمی پارٹی نے متفقہ طور پر محترمہ آتشی کو جو اروندکیجریوال کے قریبی ترین عام آدمی پارٹی کے لیڈروں میں شمار ہوتی ہیں، دہلی کی وزیر اعلی بنانے پر اتفاق کیا تھا۔

کیجریوال نے آج دہلی یونیورسٹی ميں محترمہ آتشی کے ساتھ صحافیوں سے گفتگومیں کہا کہ سڑکوں کی تعمیر وتوسیع ميں التوا کی ذمہ بقول ان کے مرکز کی بی جے پی حکومت ہے جس نے انہیں جیل ميں ڈال کر بہت سے ترقیاتی پروگراموں میں خلل پیدا کیا۔

انھوں نے کہا کہ دہلی کے عوام مطمئن رہیں اب وہ آگئے ہیں اور بہت جلد زیر التوا پروجیکٹوں پر کام شروع ہوجائے گا۔

ٹیگس