Dec ۰۵, ۲۰۲۴ ۱۴:۱۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان اور بنگلادیش کے مابین شدید اختلافات

ہندوستان کے ساتھ اختلافات میں شدت کے بعد بنگلادیش کی عبوری حکومت کے سربراہ نے سیاستدانوں سے اپیل کی ہے کہ ہندوستان کے مقابلے کے لئے تیار ہوجائيں۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ڈھاکہ سے موصولہ رپورٹ کے مطابق بنگلادیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے ملک کے سیاستدانوں سے کہا ہے کہ آپسی اختلافات کو دور رکھتے ہوئے بقول ان کے ہندوستانی جارحیت کے مقابلے کے لئے تیار ہوجائيں۔

انھوں نے ملک کی سیاسی جماعتوں کے ایک اجتماع سے خطاب میں، ہندوستان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ نئے بنگلادیش کی تعمیر کی کوششوں کو ناکام بنانا چاہتا ہے۔

بنگلادیش کی عبوری حکومت کے سربراہ نے ہندوستان پر تشدد کی سطح کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے اورڈھاکہ کے خلاف پروپیگںڈہ مہم چلانے کا الزام لگایا۔

محمد یونس نے کہا کہ ملک کے سبھی سیاستدانوں کو اس مہم کے مقابلے میں متحد ہوجانا چاہئے ۔

یاد رہے کہ بنگلادیش میں طلبا کی تحریک کے نتیجے میں عبوری انتظامیہ کی تشکیل اور شیخ حسینہ کے ہندوستان میں پناہ گزین ہونے کے بعد دہلی اورڈھاکہ کے درمیان کشیدگی پیدا ہوگئی۔

گزشتہ دنوں بنگلادیش میں ایک ہندو رہنما کی گرفتاری کے بعد اس کشیدگی ميں شدت آگئی ہے۔

ٹیگس