Dec ۰۶, ۲۰۲۴ ۱۶:۲۴ Asia/Tehran
  • تاریخی بابری مسجد کی برسی کے موقع پرسکیورٹی کے سخت انتظامات، دعائیہ اجتماعات

تاریخی بابری مسجد کی شہادت کی 32 ویں برسی کے موقع پر پر سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کے شہر ایودھیا میں 6 دسمبر کو تاریخی بابری مسجد کی شہادت کی برسی کے پیش نظر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ انتظامی حکام اور انٹیلی جنس ڈیپارٹمنٹ کی فعال ٹیموں سمیت سیکورٹی انتظامات کو سخت کردیا گیا ہے۔

 بابری مسجد انہدام کی برسی کے سلسلے میں آج ضلع انتظامیہ نے متھرا میں بھی ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ شری کرشن جنم بھومی اور شاہی عیدگاہ مسجد کے ارد گرد ڈرون کیمروں سے نگرانی کی جا رہی ہے۔ مندر کے تمام دروازوں سے گزرنے والے ہر شخص کی جانچ کی جا رہی ہے۔ جمعرات کی شام دیر گئے، ضلعی انتظامیہ نے مندروں کے ارد گرد بنائے گئے ہوٹلوں، ڈھابوں اور دھرم شالوں کو بھی چیک کیا تھا۔

متھرا میں بھی بابری مسجد انہدام کی برسی کے حوالے سے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ شاہی عیدگاہ مسجد کے اطراف کے علاقوں میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ بی ڈی ایس ٹیم اور ڈاگ سکواڈ نے چیکنگ کی۔ دوسری جانب شاہی عیدگاہ مسجد کی سیکیورٹی کے حوالے سے بھی احتیاط برتی جارہی ہے۔ شری کرشنا جنم بھومی مندر کمپلیکس کے علاقے کو 4 زون اور 8 سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ سادہ لباس میں پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

ہندوستان کے کئی شہروں میں آج کے دن کو یوم دعا کے طور پر منایا جا رہا ہے اور ملک میں موجود دوسری مساجد کی حفاظت کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔

یادرہے کہ 6  دسبمر 1992 کو ایودھیا میں تاریخی بابری مسجد کو شہید کر دیے جانے کے بعد سے مسلمانوں کی سیاسی، مذھبی، سماجی اور ملّی تنظیموں کی جانب سے ہر سال اس دن کو یوم غم، یوم دعاء اور یوم سیاہ کے طور پر منایا جاتا ہے۔

ٹیگس