کیا مودی نے منی پور میں بگڑے حالات کے لئے ذمہ داری قبول کر لی ہے؟ راہل گاندھی کا بیان آیا سامنے
ہندوستان کی لوک سبھا میں حزب اختلاف کے رہنما راہل گاندھی نے کہا ہے کہ منی پور میں بگڑتے ہوئے حالات کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی ذمہ دار ہیں اور وہ اس ذمہ داری سے بچ نہیں سکتے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستان کے میڈیا ذرائع کے مطابق راہل گاندھی نےایک بیان میں کہا کہ منی پور میں صدر راج کا نفاذ اس بات کا اعتراف ہے کہ نریندر مودی نے آخر کار تسلیم کر لیا کہ بیس ماہ میں منی پور میں جو حالات بگڑے ہیں، ان کے لیے وہ خود ذمہ دار ہیں۔انہوں نے کہا، منی پور میں صدر راج نافذ کرنا بی جے پی کی منی پور میں حکمرانی کی مکمل ناکامی کا تاخیر سے کیا گیا اعتراف ہے۔ اب نریندر مودی منی پور کے لیے اپنی براہِ راست ذمہ داری سے انکار نہیں کر سکتے۔

"راہل گاندھی نے سوال اٹھایا:کیا انہوں نے بالآخر ریاست کا دورہ کرنے اور منی پور اور ہندوستان کے عوام کو یہ سمجھانے کا ارادہ کر لیا ہے کہ وہ امن اور معمول کی صورتحال بحال کرنے کے لیے کیا منصوبہ رکھتے ہیں؟ واضح رہے کہ ہندوستان میں منی پور کی صورت حال کو لے کر حکومت اور حزب اختلاف کی جانب سے ایک دوسرے پر الزامات عائد کئے جاتے رہے ہیں۔