Apr ۱۴, ۲۰۲۵ ۰۵:۳۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان: جلیانوالہ باغ کے شہیدوں کو خراج عقیدت

ہندوستان کی اپوزيشن جماعت کانگریس کے اہم رہنما راہل گاندھی اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے جلیانوالہ باغ کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

سحرنیوز/ہندوستان: اس موقع پر راہل گاندھی نے کہا کہ میں جلیانوالہ باغ کے قتل عام میں شہید ہونے والے بہادر شہیدوں کو عاجزانہ خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ راہل گاندھی نے کہا کہ یہ قتل عام ایک آمرانہ حکومت کے ظلم کی علامت ہے، جسے یہ ملک کبھی فراموش نہیں کر سکتا۔ کانگریس رہنما نے کہا کہ اس ناانصافی اور ظلم کے خلاف ہمارے بہادر شہیدوں کی قربانی آنے والی نسلوں کو انصاف کے خلاف لڑنے کی ترغیب دیتی رہے گی۔
اس موقع پر کانگریس پارٹی کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ ميں جلیانوالہ باغ قتل عام کے لازوال شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں جنہوں نے ظالمانہ اور جابرانہ برطانوی راج کا سامنا کرتے ہوئے ملک کے لیے اپنی جانیں قربان کردیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمارے آباؤ اجداد نے ملک کی آزادی، جمہوریت اور آئین کے لیے اپنی جانیں داؤ پر لگادیں اور ان کی میراث کی حفاظت ہی انہیں حقیقی خراج عقیدت ہوگی۔
واضح رہے کہ تیرہ اپریل انیس سو انیس کو بیساکھی کے دن، امرتسر کے جلیانوالہ باغ میں آزادی کے حق میں اکٹھا ہونے والے ہزاروں افراد پر برطانوی جنرل ڈائر کے حکم سے بغیر کسی وارننگ کے فائر کھول دیا گیا تھا جس میں سیکڑوں افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

ٹیگس