Apr ۲۸, ۲۰۲۵ ۱۲:۱۵ Asia/Tehran
  • ہندوستانی حکومت نے پاکستان کے 16 یوٹیوب چینلز پر پابندی لگا دی

پہلگام واقعے کے بعد ہندوستانی حکومت نے پاکستان کے سولہ یوٹیوب چینلز پر پابندی لگا دی ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان:  ہندوستانی میڈیا کے مطابق ہندوستان کے سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پابندی مرکزی وزارت داخلہ کی سفارش پر فوری اثر سے لگائی گئی ہے۔ جن یوٹیوب چینلز پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں ڈان نیوز، سماء ٹی وی، اے آر آئی نیوز اور جیو نیوز شامل ہیں۔ ہندوستانی حکومت نے ان کے علاوہ ارشاد بھٹی، بی او ایل نیوز، رفتار، دی پاکستان ریفرنس، سما اسپورٹس، جی این این، عزیر کرکٹ، عمر چیمہ ایکسکلوسیو، اسما سراجی اور منیب جیسے یوٹیوب چینلز پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔ ہندوستان کی جانب سے ان چینلز پر ہندوستانی فوج اور سیکورٹی ایجنسیوں کے بارے میں حقیقت کے منافی مواد نشر کرنے کا الزام عائد کیا گيا ہے۔

واضح رہے کہ 22 اپریل کو مسلح حملہ آوروں نے ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں فائرنگ کر کے متعدد سیاحوں کو ہلاک اور زخمی کر دیا تھا۔ ہندوستان کی حکومت کی جانب سے کہا گيا کہ اس دہشت گردانہ حملے میں پاکستان ملوث ہے اور اس نے سندھ طاس معاہدے کو بھی یکطرفہ طور پر معطل کر دیا اور اب اس نے پاکستان کے سولہ یوٹیوب چینلز پر پابندی عائد کر دی ہے جبکہ پاکستان نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس الزام کو سختی سے مسترد کر دیا اور پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے اس واقعے پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن اسٹیٹ ہے اور ہندوستان نے پہلگام واقعے کے بعد بے بنیاد اور بلا ثبوت الزامات لگائے ہیں۔ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہونے کے ناطے غیر جانبدارانہ عالمی تحقیقات کے لیے تیار ہے ۔

ٹیگس