پہلگام میں حالیہ دہشت گردانہ حملے کے بعد لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر صورتحال مسلسل کشیدہ ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: موصولہ خبروں کے مطابق ایل او سی پر دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ مسلسل آٹھویں روز بھی جاری ہے۔ ہندوستان اور پاکستان دونوں جانب سے ایک دوسرے پر ایل او سی پر جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزیوں کا الزام عائد کیا جارہا ہے اور یہ سلسلہ گزشتہ کئی دنوں سے جاری ہے۔ دونوں جانب سے کہا جا رہا ہے کہ فائرنگ بلااشتعال ہے اور اس کا جواب دیا جارہا ہے خبروں میں بتایا گیا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں چھوٹے ہتھیاروں کا استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ لائن آف کنٹرول کے قریب واقع دیہاتوں اور بستیوں میں رہنے والے باشندوں میں شدید خوف و ہراس پایا جارہا ہے - اس درمیان ہندوستان نے جہاں سندھ طاس معاہدہ معطل کردینے کا اعلان کیا ہے وہيں پاکستان نے کہا ہے کہ وہ ہندوستانی حکومت کے اس فیصلے پر نئی دہلی کو باقاعدہ نوٹس دے گا۔ ان کشیدہ حالات میں ایران کے صدر اور وزیرخارجہ نے دونوں ملکوں سے کہا ہے کہ وہ ثالثی کے لئے تیار ہيں۔