ہندوستان اور پاکستان میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری، بڑے پیمانے پر تباہی
اس وقت ہندوستان اور پاکستان میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستان اور پاکستان سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق مون سون کی بارشوں کے سبب جہاں بڑے پیمانے پر لوگوں کی املاک تباہ ہوئی ہیں وہیں بڑی تعداد میں جانوں کا بھی ضیاع ہوا ہے۔ خبروں کے مطابق ہندوستان کی ریاست ہماچل پردیش میں مون سون کی لگاتار موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر ایک سو چھ ہو گئی ہے جب کہ مزید لاشیں برآمد ہوئی ہیں کم از کم 35 افراد لاپتہ ہیں۔ ریاست کے بنیادی ڈھانچے اور املاک کو وسیع پیمانے پر نقصان ہوا ہے اور صرف چھبیس دنوں میں نقصانات کا مجموعی تخمینہ ایک ہزار کروڑ روپے سے زائد لگایا جا رہاہے۔ پہاڑی ریاستوں میں بھی مسلسل بارش ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے عام زندگی بُری طرح متاثر ہوئی ہے۔
دوسری جانب پنجاب میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہونے والی بارشوں میں اب تک تیس افراد کی جان جا چکی ہے اور متعدد افراد زخمی ہیں۔لاہور سمیت پاکستان کے صوبے پنجاب کے کئی شہروں میں بارش نے تباہی مچا دی۔ مختلف حادثات میں تیس افراد جان سے گئے۔ لاہور میں مختلف مقامات پر چھتیں گرنے سے بارہ افراد ملبے تلے دب کر جان کی بازی ہار گئے جبکہ چھ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔