ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں کانگریس کا جنتر منتر پر مظاہرہ
ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں کانگریس نے جنتر منتر پر مظاہرہ کر کے ایک بار پھر جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کئے جانے کا مطالبہ کیا۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستان کے میڈیا ذرائع کے مطابق ہندوستان کی حزب اختلاف کی جماعت کانگریس پارٹی نے ایک بار پھر جموں و کشمیر کو مکمل ریاستی درجہ دینے کا مطالبہ مرکزی حکومت کے سامنے پیش کیا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر اور لداخ، یہ دونوں اہم معاملات پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے دوران لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں اٹھائے جائیں گے۔ کانگریس پارٹی کے صدر ملک ارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے دارالحکومت آئے ہوئے جموں و کشمیر کے کانگریسی رہنماؤں اور کارکنوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور ان کے مطالبات زور و شور سے اٹھانے کا وعدہ کیا۔
واضح رہے کہ ہندوستان کی بی جے پی حکومت نے سن دو ہزار انیس میں جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ ختم کر دیا تھا جس کے بعد سے جموں و کشمیر کی مختلف جماعتوں اور اس ملک کی حزب اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے حکومت کے اس فیصلے کے خلاف مسلسل احتجاج کیا جا تا رہا ہے۔