ہندوستان اور امریکا کی تجارتی کشیدگی میں شدت
ہندوستان اور امریکا تجارتی کشیدگی شدت اختیار کرگئی ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق امریکا نے ہندوستان کے ساتھ پچیس سے انتیس اگست تک ہونے والے تجارتی مذاکرات منسوخ کردیئے ہیں۔ یاد رہے کہ امریکا نے پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ ہندوستان کے ساتھ ٹیرف تنازعے اور تجارتی کشیدگی کے حل کا انحصار ٹرمپ پوتن مذاکرات پر ہے۔ امریکا نے دھمکی دی تھی کہ اگر روسی صدر پوتن کے ساتھ ٹرمپ کے مذاکرات ناکام ہوئے تو ہندوستان کو تجارتی ٹیرف کے تعلق سے مزید سختیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یوکرین جںگ کے بارے میں ٹرمپ امریکا مذاکرات میں جنگ بندی کے تعلق سے کوئی اتفاق نہ ہوسکا اب امریکا نے تجارتی مذاکرات کے لئے امریکی وفد کے دورہ ہندوستان کی منسوخی کا اعلان کردیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ امریکا نے ہندوستان کے خلاف پہلے پچیس فیصد ٹیرف کا اعلان کیا تھا اور اس کے چند ہی روز بعد یہ الزام لگاتے ہوئے کہ ہندوستان روسی تیل کی خریداری سے یوکرین کے خلاف روس کی جنگ میں فنڈنگ کررہا ہے، ٹیرف کی سطح پچاس فیصد کردی تھی اور اسی کے ساتھ جرمانے کا بھی اعلان کیا تھا۔