ہندوستان: جے پور کے سوائی مان سنگھ اسپتال میں آتش زدگی، 9 افراد کی موت
ہندوستان کی ریاست راجستھان کے صدر مقام جے پور کے مشہور سوائی مان سنگھ اسپتال (ایس ایم ایس) کے انتہائی نگہداشت والے شعبے، آئی سی یو، میں آگ لگنے سے 9 افراد کی موت ہوگئی ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق جے پور کے سوائی مان سنگھ (ایس ایم ایس) اسپتال کے ٹراما سینٹر کے آئی سی یو وارڈ میں اتوار کی رات دیر گئے آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں تین خواتین سمیت نو مریضوں کی موت ہوگئی۔ اطلاعات کے مطابق آگ رات 11 بج کر 20 منٹ پر آئی سی یو کے اسٹور روم میں لگی۔
ایس ایم ایس اسپتال کے ٹراما سینٹر کے انچارج ڈاکٹر انوراگ دھاکڑ نے بتایا کہ آتش زدگی شارٹ سرکٹ کی وجہ سے ہوئی اور تیزی سے پھیل گئی۔ آتش زدگی کے بعد نازک حالت والے مریضوں کو نچلی منزل پر واقع آئی سی یو میں منتقل کرنے کی کوشش کی گئی لیکن انہیں بچایا نہیں جا سکا۔
رپورٹوں کے مطابق آتش زدگی کے وقت آئی سی یو میں 11 مریض موجود تھے جب کہ 13 دیگر مریض ملحقہ وارڈ میں تھے۔ آگ بجھانے والے ایک افسر نے بتایا کہ جب تک آگ بجھانے والا عملہ پہنچا، پورا وارڈ دھوئیں سے بھر چکا تھا، جس سے ہر قسم کی رسائی روک دی گئی۔ مذکورہ افسر نے بتایا کہ ہمیں آگ بجھانے کے لئے عمارت کی مخالف سمت سے کھڑکیوں کے شیشے توڑنے پڑے اور مریضوں کو ان کے بستروں سمیت باہر نکالا گیا۔
اطلاعات کے مطابق فائر بریگیڈ کی تقریباً 12 گاڑیوں کی مدد سے دو گھنٹے کی سخت مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔
اس دردناک حادثے کے بعد راجستھان کے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما، نائب وزیر اعلیٰ پریم چند بیروا سمیت کئی وزرا اور ممبران اسمبلی ایس ایم ایس اسپتال پہنچے۔
دریں اثنا، متاثرین کے اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ دھواں نکلنے کے بعد عملے کو اطلاع دی گئی لیکن کسی نے معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لیا اورجب دھواں بڑھنے لگا تو میڈیکل اسٹاف بھاگ گیا اور کسی نے مدد بھی نہیں کی۔