ہندوستانی اور فرانسیسی فوجی سربراہوں کی ملاقات: اقوام متحدہ کی امن فوج کی کارروائیوں میں باہمی تعاون میں فروغ کی ضرورت پر زور
ہندوستان کے چیف آف اسٹاف جنرل اوپیندر دویدی نے اپنے فرانسیسی ہم منصب جنرل پیئر شل سے ملاقات کی جس میں دونوں اعلیٰ عہدیداروں نے اقوام متحدہ کی امن فوج کی کارروائیوں میں باہمی تعاون میں فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اوپیندر دویدی نے دہلی میں چیف آف اسٹاف آف فرانسیسی آرمی جنرل پیئر شل سے اقوم متحدہ کی امن فوج میں شامل ممالک کی تین روزہ کانفرنس 2025 کے موقع پر ملاقات کی۔ہندوستانی فوج کے ایڈیشنل ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پبلک انفارمیشن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس ملاقات کی خبر دی ہے۔
دونوں ملکوں کے فوجی سربراہوں نے مضبوط ہند فرانسیسی مشترکہ مشقوں، انسداد دہشت گردی کے ساتھ مشترکہ تربیتی مشقوں اور اسٹریٹیجک پارٹنر شپ پر تبادلہ خیال کیا۔ ایکس پیغام میں کہا گیا ہے کہ دونوں اعلیٰ عہدیداروں نے اقوام متحدہ کی امن فوج کی کارروائیوں میں باہمی تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
واضح رہے کہ تقریباً 40 ممالک کے فوجی سربراہوں اور اعلیٰ فوجی کمانڈروں کی شرکت سے اقوم متحدہ کی امن فوج میں شامل ممالک کی تین روزہ کانفرنس دہلی میں منعقد ہو رہی ہے۔ 16 اکتوبر تک جاری رہنے والی اس کانفرنس کا بنیادی مقصد عالمی امن اور اخلاقی سفارت کاری کے ذریعہ اقوام متحدہ کے قیام امن کے بنیادی اصولوں کو مضبوط کرنا ہے۔