ہندوستان: گجرات میں اچانک سیاسی ہلچل، تمام وزرا مستعفی
ہندوستان کی ریاست گجرات میں وزیر اعلیٰ کو چھوڑ کر اچانک تمام وزرا نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ سبھی 16 وزرا نے اپنا استعفیٰ وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل کو سونپ دیا۔
سحرنیوز/ہندوستان: گاندھی نگر سے موصولہ رپورٹ کے مطابق جمعرات کو دوپہر کے وقت وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل کی رہائش گاہ پر کابینہ کی میٹنگ ہوئی، جس میں وزرا کے اجتماعی استعفے کا فیصلہ کیا گیا۔ میٹنگ کے بعد وزیر اعلیٰ کے علاوہ سبھی وزرا نے اجتماعی استعفیٰ دیا۔ اطلاعات کے مطابق وزیر اعلیٰ نے استعفیٰ منظور بھی کرلیا ہے۔
اچانک سبھی وزرا کے اجتماعی استعفے کے بعد گجرات کی سیاست میں ہلچل پیدا ہو گئی۔ اطلاعات ہیں کہ ان سبھی وزرا کے استعفے پہلے سے ہی تیار تھے اور ہدایت کے مطابق وزرا نے استعفیٰ پر دستخط کئے۔
قابل ذکر ہے کہ گجرات میں کابینہ کی توسیع کا عمل بھی اپنے آخری مرحلے میں ہے اور اجتماعی استعفیٰ اسی سلسلے کی کڑی بتایا جا رہا ہے۔
اس سلسلے میں سب سے پہلے بی جے پی کے ریاستی صدر جگدیش وشوکرما نے استعفیٰ دیا اور اس کے بعد ایک ایک کرکے سبھی وزرا نے استعفیٰ دے دیا۔ وزرا نے اپنے استعفے جگدیش وشو کرما کو سونپے، جنھوں نے سبھی وزرا کو استعفیٰ دینے کی ہدایت دی تھی۔
وزرا کے اجتماعی استعفے کے بعد سبھی کی توجہ اب نئی کابینہ کے اعلان پر مرکوز ہوگئی ہے۔ نئی کابینہ کی حلف برداری جمعہ (17 اکتوبر) کو گاندھی نگر میں ہونے کی خبر ہے۔