ہندوستان: دہلی کی فضائی آلودگی خطرناک سطح پر، سانس لینا مشکل
ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں فضائی آلودگی خطرناک سطح پر پہنچ گئی ہے اور لوگوں کو صبح کی سیر اور باہر کی سرگرمیوں سے پرہیز کا مشورہ دیا گیا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: میڈیا رپورٹ کے مطابق دہلی میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک پہنچ گئی ہے اور ماہرین صحت کے مطابق ہوا کی یہ سطح بچوں، بزرگوں اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد کے لئے انتہائی خطرناک ہے۔ ماہرین صحت نے لوگوں کو آئندہ چند روز تک صبح کی سیر یا گھر سے باہر کی سرگرمیوں سے پرہیز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی این 95 ماسک لگانے اور گھر میں ایئر پیوریفائر استعمال کرنے کا بھی مشورہ دیا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ہندوستان کے قومی آلودگی کنٹرول بورڈ (این پی سی بی) کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پیر کی صبح 6 بجے دہلی کے کئی علاقوں میں ہوا کا معیار (اے کیوآئی) سنگین زمرے میں درج کیا گیا۔ یہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ دادالحکومت دہلی کی فضا میں سانس لینا ایک بار پھر مشکل ہو گیا ہے اور دہلی ایک بار پھر "گیس چیمبر" میں تبدیل ہوتی نظر آرہی ہے۔