Nov ۱۱, ۲۰۲۵ ۱۱:۴۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان: بہار میں دوسرے اور آخری مرحلے کی پولنگ، رائے دہندگان میں جوش و خروش

بہار اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 122 حلقوں میں ووٹنگ جاری ہے اور اطلاعات کے مطابق رائے دہندگان میں جوش و خروش دکھائی دے رہا ہے۔

 سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق بہار میں ریاستی اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے اور آخری مرحلے میں جوش و خروش کے ساتھ ووٹنگ جاری ہے۔ رپورٹوں کے مطابق مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے تک 31 اعشاریہ 38 فی صد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔ آج کی پولنگ میں 1302 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔

دوسرے مرحلے میں جیت حاصل کرنے کے لئے حکمراں اتحاد این ڈی اے اور اپوزیشن اتحاد مہاگٹھ بندھن اور دیگر پارٹیوں نے بھی پوری طاقت جھونک دی ہے۔

پولنگ صبح 7 بجے شروع ہوئی اور شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ اس مرحلے میں 20 اضلاع کی 122 اسمبلی نشستوں پر ووٹ ڈالے جا رہے ہیں، جہاں 3 کروڑ 70 لاکھ سے زیادہ ووٹر کل 1302 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ ان امیدواروں میں وزیراعلیٰ نتیش کمار کی حکومت کے چھ سے زیادہ وزرا بھی شامل ہیں جن کی ساکھ داؤ پر لگی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق، اس مرحلے میں 45 ہزار 399 پولنگ مراکز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 40 ہزار 73 دیہی علاقوں میں واقع ہیں۔ کُل ووٹروں میں 1.75 کروڑ خواتین شامل ہیں۔

پہلے مرحلے میں 121 نشستوں پر پولنگ ہوئی تھی، جس میں 65 فی صد سے زیادہ ووٹ ڈالے گئے تھے۔ ووٹوں کی گنتی 14 نومبر کو ہوگی۔ بہار اسمبلی میں کُل 243 نشستیں ہیں۔

 

ٹیگس