Nov ۱۳, ۲۰۲۵ ۱۴:۱۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان: بہار انتخابات کے بارے میں نیا انکشاف، سروے میں تیجسوی یادو پسندیدہ وزیر اعلیٰ

ہندوستان کی ریاست بہار کے اسمبلی انتخابات کے بارے میں ایک سروے میں اگرچہ این ڈی اے کی کامیابی کا دعویٰ کیا گیا ہے لیکن وزیر اعلیٰ کے طور پر اپوزیشن اتحاد مہا گٹھ بندھن کے رہنما تیجسوی یادو عوام کی پہلی پسند بنے ہیں۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق پیپلز پلس کے ذریعے کرائے گئے سروے کے مطابق قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) بہار اسمبلی انتخابات میں جیت کی طرف بڑھ رہا ہے۔ سروے کے مطابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں این ڈی اے کو 133 سے 159 نشستیں ملنے کا امکان ہے جبکہ  اپوزیشن اتحاد مہاگٹھ بندھن کو75 سے 101 سیٹیں ملنے کے اشارے ملے ہیں۔

پرشانت کشور کی جن سوراج پارٹی کو صفر سے 5 نشستیں ملنے کا امکان ہے جبکہ دیگر جماعتیں 2 سے 8 نشستیں حاصل کرسکتی ہیں۔

اگرچہ پیپلز پلس این ڈی اے کی جیت کی پیش گوئی کررہاہے لیکن اس اس سروے میں تیجسوی یادو کو عوام نے وزیر اعلیٰ کے طور پر پہلی پسند قرار دیا ہے۔ سروے کے مطابق عوام نے تیجسوی یادو کو اس معرکے میں موجودہ وزیراعلیٰ نیتیش کمار سے آگے رکھا ہے۔

اس سے پہلے مختلف ابلاغیاتی ذرائع نے بہار انتخابات کے بارے میں ایگزٹ پول کی رپورٹیں شائع اور نشر کی تھیں جن میں اکثر نے این ڈی اے کی سبقت کا دعویٰ کیا جبکہ بعض نے اپوزیشن اتحاد مہا گٹھ بندھن کی کامیابی کے اشارے دیئے ہیں۔

بہار اسمبلی میں کُل 243 نشستیں ہیں اور اکثریت حاصل کرنے کے لئے 122 نشستیں درکار ہوں گی۔ بہار اسمبلی 2020 انتخابات میں این ڈی اے اتحاد کو 125 نشستیں ملی تھیں اور مہاگٹھ بندھن اتحاد نے 110 نشستیں حاصل کی تھیں۔ 

 

ٹیگس