Nov ۱۵, ۲۰۲۵ ۱۰:۰۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان: بہار اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے کو 202 اور مہاگٹھ بندھن کو 35 سیٹیں، نریندر مودی کا خطاب، کہا

ہندوستان کی ریاست بہار میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی مکمل ہوگئی ہے اور جمعہ کی رات تک سارے نتائج کا اعلان کردیا گیا۔

سحرنیوز/ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ریاست بہار میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے پر حکمراں قومی جمہوری اتحاد، این ڈی اے، کو 202 سیٹیں ملی ہیں جبکہ اپوزیشن اتحاد، مہاگٹھ بندھن کو بھاری شسکت ہوئی ہے، اس کو محض 35 سیٹوں پر اکتفا کرنا پڑا ہے۔ اسدالدین اویسی کی پارٹی اے آئی ایم آئی ایم نے پانچ نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے اور ایک سیٹ بی ایس پی کو ملی ہے۔

انتخابات میں متوقع تیسری طاقت، پرشانت کشور کی جماعت 'جن سوراج' نے 238 نشستوں پر الیکشن لڑا لیکن ایک بھی نشست نہیں جیت سکی۔

ادھر بی جے پی کی قیادت والے اتحاد این ڈی اے کی شاندار جیت کے بعد دہلی میں واقع بی جے پی ہیڈ کوارٹر میں جشن کا ماحول تھا، خوشی میں آتش بازی چھوڑی گئی اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔

جمعہ کی شام کو بہار میں این ڈی اے کی کامیابی پر بی جے پی کے ہیڈکوارٹر میں وزیر اعظم نریندر مودی نے خطاب کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ یہ زبردست فتح ناقابل یقین اعتماد کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہار کے لوگوں نے ترقی اور خوش حال بہار کے لیے ووٹ دیا ہے۔ انتخابی مہم کے دوران میں نے بہار کے لوگوں سے ریکارڈ تعداد میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی تھی اور بہار کے لوگوں نے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے۔
 ہندوستان کے وزیر اعظم نے مزید کہا کہ بہار نے این ڈی اے کو سنہ 2020 کے بعد سے اپنا سب سے بڑا مینڈیٹ دیا ہے۔ ’’میں این ڈی اے کی تمام پارٹیوں کی جانب سے بہار کے عظیم لوگوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اب حقیقی سماجی انصاف کے لیے ووٹ دے رہا ہے، ہندوستان کے لوگ اب صرف ترقی چاہتے ہیں۔

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ میں بنگال کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ بی جے پی اب آپ کے ساتھ مل کر بنگال میں جنگل راج کا خاتمہ کرے گی۔

ریاست بہار کی اسمبلی میں 243 نشستیں ہیں۔ اسمبلی انتخابات 2025 کے لئے 6 اور 11 نومبر کو ووٹ ڈالے گئے تھے اور گزشتہ روز (14 نومبر کو) صبح ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی جو رات تک جاری رہی۔

 

ٹیگس