Nov ۱۶, ۲۰۲۵ ۱۲:۳۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان: بہار میں مسلم اراکین اسمبلی کی تعداد کم ہوگئی

ریاست بہار کے اسمبلی انتخابات 2025 میں کامیاب ہونے والے مسلم امیدواروں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق ریاست بہار کے اسمبلی انتخابات 2025 کے نتائج مکمل ہونے کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ بہار کی نئی اسمبلی میں مسلم اراکین کی تعداد 2020 کے مقابلے میں کم ہوئی ہے۔

بہار میں اس بار صرف 11 مسلم امیدوار ہی جیت کر ایوان پہنچ سکے ہیں۔ 2020 کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے مسلم امیدواروں کی تعداد 19 تھی، یعنی اس بار بہار اسمبلی میں 8 مسلم اراکین کی کمی ہوئی ہے۔ حالیہ انتخابات میں سب سے زیادہ مسلم اراکین اسدالدین اویسی کی پارٹی اے آئی ایم آئی ایم سے جیت کر ایوان پہنچے ہیں جن کی تعداد 5 ہے۔ 

اے آئی ایم آئی ایم کے بعد دوسرا نمبر آر جے ڈی کا ہے۔ آر جے ڈی کے 3 مسلم امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ کانگریس کے 2 مسلم امیدواروں نے نئی اسمبلی میں اپنی جگہ بنائی ہے۔  حکمراں اتحاد میں شامل پارٹی جے ڈی یو کے ایک امیدوار کو ان انتخابات میں کامیابی ملی ہے۔

اگر اتحاد کی نظر سے دیکھا جائے تو حکمراں اتحاد این ڈی اے کا صرف ایک مسلم امیدوار کامیاب ہوا ہے جبکہ نئی اسمبلی میں اپوزیشن اتحاد مہا گٹھ بندھن کے اراکین کی تعداد 5 ہوگی۔

البتہ این ڈی اے نے 5 مسلم امیدواروں کو میدان میں اتارا تھا جبکہ مہا گٹھ بندھن کی طرف سے 29 مسلم امیدواروں نے اپنی قسمت آزمائی تھی۔ این ڈی اے کے 5 مسلم امیدواروں میں سے ایک امیدوار نے کامیابی حاصل کی اور مہاگٹھ بندھن کے 29 مسلم امیدواروں میں سے 5 جیتے۔

آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین یعنی اے آئی ایم آئی ایم نے 19 امیدواروں کو میدان میں اتارا تھا جن میں سے 5 امیدواروں نے میدان مار لیا۔ اس طرح اب بہار کی نئی اسمبلی میں مسلم اراکین کی تعداد 11 ہو گئی۔

 

ٹیگس