Nov ۲۲, ۲۰۲۵ ۱۱:۴۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی راجدھانی ایک بار پھر ہوئی زہریلی، بچوں اور بزرگوں کے لئے الرٹ جاری

rدہلی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق ہوا کا یہ معیار انتہائی خطرناک ہے۔ اب یہ سنگین سطح سے بھی تجاوز کر چکا ہے۔ اس کی بڑی وجہ ہوا میں پی ایم 2.5 کی سطح 294 اور پی ایم 10 کی سطح 390 مائیکرو گرام ہونا ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان:  ہندوستان کی راجدھانی کی ہوا ہفتہ کو ایک بار پھر زہریلی ہوگئی ہے۔ اے کیو آئی صبح 439 تک پہنچ گیا ہے، جو خطرے کے زمرے میں ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق ہوا کا یہ معیار انتہائی خطرناک ہے۔ اب یہ سنگین سطح سے بھی تجاوز کر چکا ہے۔ اس کی بڑی وجہ ہوا میں پی ایم 2.5 کی سطح 294 اور پی ایم 10 کی سطح 390 مائیکرو گرام ہونا ہے۔ اس کے علاوہ دہلی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری سیلسیس اور زیادہ سے زیادہ 25 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ بادل صاف رہیں گے اور دھند اور کہرا صبح و شام نظر آئے گا۔

آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق اگلے تین چار دنوں تک ہوا کے معیار میں بہتری کی کوئی امید نہیں ہے۔ راحت کی بات یہ ہے کہ 27-28 نومبر کے بعد ہوا کی رفتار میں بہتری ہوسکتی ہے جس سے فضائی آلودگی سے راحت ملنے کا امکان ہے۔ آنے والے وقت میں ہوا کی معمول کی رفتار 10-15 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ ہوسکتی ہے، جو آلودہ ذرات کو دھکیلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

فی الحال بارش کی کوئی پیش گوئی نہیں ہے، اس لیے دسمبر کے پہلے ہفتے تک مکمل راحت ملنے کی امید ہے۔ راجدھانی میں گریپ3 نافذ کئے جانے کے باوجود ہوا زہریلی بنی ہوئی ہے۔ ایسی صورت میں ماہرین نے اسے بچوں، بوڑھوں اور سانس کے مسائل میں مبتلا  افراد کے لیے خطرناک قرار دیا ہے۔ اس لیے ایسے لوگوں کو گھر کے اندر ہی رہنا چاہیے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ نومبر کے آخری ہفتے تک سردی کی شدت بڑھ جائے گی۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 سے 27 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ جبکہ رات میں درجہ حرارت میں مزید گراوٹ آسکتی ہے۔ اس دوران صبح و شام دھند اور کہرا ر ہے گا جس سے مرئیت متاثر ہو رہی رہے گی۔ اس وقت ہوا کی رفتار بہت سست ہے جس کی وجہ سے ہوا فی الحال آلودہ ہی رہے گی۔

ٹیگس