ہندوستان: دہلی کی فضائی آلودگی کو کنٹرول کرنا ٹیڑھی کھیر، سارے اقدامات بے اثر
ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں پھیلی فضائی آلودگی کو کنٹرول کرنا انتظامیہ کے لئے ٹیڑھی کھیر ثابت ہو رہا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق دہلی میں پھیلی فضائی آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لئے حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ فضائی آلودگی کی بڑھتی ہوئی سطح کو کنٹرول کرنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے لیکن زمین پر ان اقدامات کا کوئی خاص اثر نہیں دیکھا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق دہلی میں فضائی آلودگی کی صورت حال بدستور سنگین ہے، باہر نکلنے والے لوگوں کو صحت کے مختلف مسائل کا سامنا ہے۔ دہلی میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کی سطح مستقل طور پر بہت خراب یا انتہائی شدید زمرے میں ہے۔
قابل ذکر ہے کہ دہلی میں آلودگی کا معاملہ طویل عرصے سے سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے۔ اس معاملے پر سپریم کورٹ میں وقتاً فوقتاً سماعت ہوتی رہتی ہے۔ آج سپریم کورٹ نے اس معاملے کی سماعت کی۔
چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بینچ نے سماعت کے دوران اہم مشاہدات کیے۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس سوریہ کانت نے پوچھا کہ فضائی آلودگی کے مسئلے کو ختم کرنے کے لیے کون سی جادو کی چھڑی لہرائی جا سکتی ہے؟ بینچ نے کہا کہ اسے بھی فضائی آلودگی کی وجہ سے مسائل کا سامنا ہے۔
سپریم کورٹ نے دہلی اور آس پاس کے علاقوں میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ عدالت نے کہا کہ یہ مسئلہ ہر شہری کی زندگی سے جڑا ہوا ہے لیکن اسے صرف رسمی طور پر نہیں بلکہ باقاعدگی سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔ چیف جسٹس سوریہ کانت نے پوچھا، "عدلیہ کیا جادو کی چھڑی چلا سکتی ہے؟ ہم آج صاف ہوا کو یقینی بنانے کے لیے کیا حکم جاری کر سکتے ہیں؟"
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok
انہوں نے کہا کہ عدالت مسئلہ کو سمجھتی ہے لیکن صرف ماہرین ہی اس کا حل فراہم کر سکتے ہیں کیونکہ آلودگی بڑھنے کی ایک نہیں بلکہ کئی وجوہات ہیں۔