دہشت گرد امریکی فوج کے حملوں کا انتقام لینا عراقی عوام کا حق ہے ، سپاہ پاسداران
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے عراق کی عوامی رضاکارفورس الحشد الشعبی کے اڈوں پر دہشت گرد امریکی فوج کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس جارحیت کا انتقام لینا عراقی عوام اور عراقی فورسز کا بنیادی حق ہے
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اپنے ایک بیان میں اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ امریکا ہی علاقے میں بدامنی ، کشیدگی اور جنگ کی آگ بھڑکانے کا اصل ذمہ دار ہے کہا کہ دہشت گرد امریکیوں کا الحشد الشعبی پر ہوائی حملہ جس میں دسیوں عراقی جوان شہید اور زخمی ہوئے ہیں عراق کے اقتدار اعلی کی خلاف ورزی ہے -
بیان میں کہا گیا ہے کہ عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی اسلامی استقامتی محاذ کا اہم ستون اور انتہائی جانباز فورس ہے اور عراقی عوام دہشت گرد گروہ داعش کے مقابلے میں اس فورس کی فیصلہ کن، یادگار اور شاندار جنگ اور فداکاریوں کو ہرگز فراموش نہیں کرسکیں گے -
بیان میں کہا گیا ہے کہ عراق کے عوام الحشد الشعبی کو اپنی سرزمین میں اغیار کی موجودگی اور بدامنی کے خلاف جد وجہد کا مظہر سمجھتے ہیں -
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عراق میں پائیدار امن اور ہر طرح کا استحکام اسی صورت میں قائم ہوگا جب دہشت گرد غاصب امریکی فوج کو وہاں سے نکال باہر کردیا جائے گا -
سپاہ پاسداران کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یقینی طور پر کوئی بھی آزاد اور خود مختار قوم اپنے سپوتوں کے خلاف اغیار کے حملوں اور جارحانہ رویّوں کو برداشت نہیں کرتی - بیان میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی اور بچوں کی قاتل غاصب صیہونی حکومت کو بھی دہشت گرد امریکی فوج کے حملے پر خوش نہیں ہونا چاہئے کیونکہ امت اسلامیہ استقامتی محاذ پر اپنے جیالوں اور سپوتوں کے عزم و حوصلوں کو اچھی طرح جانتی ہے اور علاقے میں صیہونیت مخالف عزائم میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے -