May ۰۲, ۲۰۲۰ ۲۲:۱۴ Asia/Tehran
  • اسلحوں کے سوداگر کو اظہار تشویش کا حق نہیں: جواد ظریف

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ اسلحے کی تجارت اور فوجی اخراجات پر بھاری رقم خرچ کرنے والا امریکہ ایران کے خلاف اسلحہ جاتی پابندی کے خاتمے پر تشویش کا اظہار کر رہا ہے!

 وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے اپنے ٹوئٹ کے ہمراہ دنیا بھر کے ملکوں کو امریکی اسلحہ کی برآمدات سے متعلق ایک ویڈیو بھی منسلک کی ہے۔
وزیر خارجہ نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ امریکہ ایک عرصے سے بھاری فوجی بجٹ خرچ کر رہا ہے اور وہ دنیا بھر میں اسلحے کی فروخت سے بھاری منافع کمانے والا ملک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ دنیا بھر میں جنگوں کا محرک بھی ہے اور ان سے فائدہ بھی اٹھاتا رہا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ ایک طرف ایسے ملک کے بارے میں تشویش کا اظہار کر رہے ہیں جو انیس و اناسی سے پہلے تک امریکی اسلحہ کا سب سے بڑا خریدار تھا اور دوسری جانب دنیا بھر میں امریکی اسلحہ کے انبار لگا رہے ہیں۔
قبل ازیں امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے ایک بار پھر ایران کے ساتھ ہونے والے ایٹمی معاہدے کو وحشتناک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ، سلامتی کونسل میں اپنے ناقابل انکار حق کو ایران پر اسلحہ کی خرید و فروخت سے متعلق پابندیوں میں توسیع کے لیے استعمال کرے گا۔
قابل ذکر ہے کہ سلامتی کونسل کی جانب سے سن دوہزار چھے اور دو ہزار سات میں عائد کی جانے والے اسحلہ جاتی پابندیاں اکتوبر دو ہزار بیس  میں ختم ہو جائیں گی۔

ٹیگس