ایران کی جدیدترین تجاویز مذاکرات کی میز پر، یورپ، چین اور روس کے نمائندوں سے اہم ملاقاتیں
ایران کی تجاویز کا جائزہ لینے کے لئے ویانا مذاکرات کا آٹھواں دور پانچویں روز بھی جاری رہا اور اس سلسلے میں مختلف فریقوں نے پس میں ملاقات اور گفتگو کی ہے۔
ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق ویانا میں، ایران کے خلاف عائد پابندیوں کی منسوخی کے لئے آٹھویں دور کے مذاکرات میں ایران کے سینئر مذاکرات کار علی باقری کنی نے کوبرگ ہوٹل میں یورپی یونین کے نمائندے انریکا مورے ، چین کے نمائندے وانگ کوان اور روس کے نمائندے میخاییل اولیانوف کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں اور صلاح و مشورے کئے۔
سیاسی مذاکرات کے ساتھ ہی ویانا کے کوبرگ ہوٹل میں ایران اور گروپ چار جمع ایک کے ماہرین کا بھی اجلاس ہوا جو نصف شب تک جاری رہا۔ ویانا مذاکرات سے متعلق ایک نئی خبر یہ ہے کہ ایران کی وزارت خارجہ میں اقتصادی امور کے سربراہ مہدی صفری بھی سنیچر کو ویانا میں پابندیوں کی منسوخی کے لئے جاری مذاکرات میں شرکت کے لئے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا پہنچ گئے ہیں۔
ایک اور خبر ویانا مذاکرات میں چین کے نمائندے وانگ کوان کے بیانات سے متعلق ہے جس میں انھوں نے سنیچر کی شام ہوٹل کوبرگ پہنچنے سے پہلے صحافیوں کو ایران کی جانب سے ایک حتمی اور فیصلہ کن پیکج پیش کرنے کی خبر دی لیکن اس مجوزہ پیکج کی تفصیلات کی جانب کوئی اشارہ نہیں کیا۔
درایں اثنا ایرانی مذاکراتی ٹیم کے ایک باخبر ذریعے نے ویانا میں ایران پریس کے نمائندے کو چین کے نمائندے کے بیانات کے بارے میں کہا کہ فریقوں کے درمیان تجاویز کا تبادلہ کسی بھی مذاکرات میں معمول کی بات ہے اور مذاکرات کے آغاز سے ہی ایران نے فریق مقابل کو متعدد تجاویز پیش کی ہیں اور دیگر فریقوں نے بھی نئی پہل اور تجاویز کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ باخبر ایرانی ذریعے کا کہنا ہے کہ ویانا میں پابندیوں کی منسوخی کے لئے باقی ماندہ موضوعات کے بارے میں بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب روس کے نمائندے میخائل اولیانوف نے بھی کچھ ٹوئٹ کئے ہیں جن میں ویانا مذاکرات کے کوآرڈینیٹر انریکا مورے، تین یورپی ممالک برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے نمائندوں اور ایران کے امور میں امریکہ کے خصوصی نمائندے رابرٹ میلی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں کی اطلاع دی گئی ہے۔
روسی نمائندے میخائیل اولیانوف نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ان نمائندوں کے ساتھ ویانا مذاکرات میں پیشرفت کی راہوں کے بارے میں گفتگو ہوئی۔ ایران کے خلاف غیرقانونی اور ظالمانہ پابندیوں کی منسوخی کے سلسلے میں سیاسی فیصلے لینے کے لئے ویانا مذاکرات کے آٹھویں دور کا ستائیس دسمبر دو ہزار اکیس کو آغاز ہوا تھا جو ایک مختصر وقفے کے بعد آٹھ فروری دو ہزاربائیس سے دوبارہ شروع ہوا ہے۔