امریکہ اور نیٹو کے اقدامات یوکرین معاملے کو بحرانی بنائے ہوئے ہیں: ایران
اسلامی جمہوریہ ایران نے یوکرین کی تازہ صورت حال پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے دونوں فریقوں سے صبر و تحمل سے کام لینے اور ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے کہ جو یوکرین میں کشیدگی میں مزید اضافہ کا باعث بنے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے کہا کہ ہم مکمل حساسیت کے ساتھ یوکرین کی صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران تمام فریقوں کو صبر و تحمل سے کام لینے کی دعوت دیتا ہے اور تہران کا خیال ہے کہ مزید کشیدگی پیدا کرنے والے ہر قسم کے اقدام سے گریز ضروری ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے تمام فریقوں کو اختلافی مسائل کو مذاکرات اور پرامن سیاسی طریقے سے حل کرنے کی کوشش کرنے کا مشورہ بھی دیا۔
ترجمان وزارت خارجہ سعید خطیب زادہ نے کہا کہ یہ بات قابل افسوس ہے کہ امریکہ کی زیرسرکردگی نیٹو کے مداخلت پسندانہ اور اشتعال انگیز اقدامات علاقے میں کشیدگی بڑھنے اور صورت حال مزید پیچیدہ ہونے کا باعث بن رہے ہیں۔