Mar ۰۳, ۲۰۲۲ ۰۸:۰۵ Asia/Tehran
  • ایران بحرانِ یوکرین کے متأثرین کی مدد کو تیار

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے یوکرین بحران سے متاثرہ افراد کی امداد کے لئے تہران کی آمادگی کا اعلان کیا ہے۔

ارنا نیوز کے مطابق حسین امیر عبد اللہیان نے عالمی ریڈ کراس سوسائٹی کے سربراہ پیٹر مائوور سے ٹیلی فون پر بات جس میں یوکرین کے سرحدی علاقوں میں انسان دوستانہ امداد، یمن اور افغانستان کی صورتحال اور ایران کی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے ساتھ عالمی ریڈ کراس سوسائٹی کے باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی ہلال احمر سوسائٹی یوکرین بحران سے متاثرہ افراد کی مدد کے لئے مکمل آمادگی رکھتی ہے اور اس سلسلے میں ایران ریڈ کراس عالمی سوسائٹی کے ساتھ تعاون کا خواہاں ہے۔

ساتھ ہی وزیر خارجہ ایران نے یمن اور افغانستان میں انسانی صورتحال کو نہایت دشوار قرار دیتے ہوئے ان ممالک کو فوری طور پر انسان دوستانہ امداد کی فراہمی اور وہاں کے عوام کے رنج و الم کم کرنے کے لئے لازمی اقدامات پر زور دیا۔

اس گفتگو میں عالمی ریڈ کراس سوسائٹی کے سربراہ نے بھی یوکرین کی صورتحال کو بحرانی قرار دیتے ہوئے روس یوکرین بحران سے متاثرہ افراد تک انسان دوستانہ امداد کی ترسیل، ہلاک ہونے والے فوجیوں کے تبادلے اور جنگی قیدیوں تک رسائی پر زور دیا۔ ساتھ ہی انہوں نے عالمی سوسائٹی کے ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران کے تعاون کو سراہتے ہوئے یمن اور افغانستان کی انسان دوستانہ مدد پر زور دیا اور افغان پناہ گزینوں کی میزبانی پر بھی تہران کی قدردانی کی۔

گفتگو کے اختتام پر اس بار پر بھی اتفاق ہوا کہ ایران کی ہلال احمر سوسائٹی کی ٹیم عالمی ریڈ کراس سوسائٹی کے ہمراہ جنگ کے باعث ترک وطن کرنے والوں کی مدد کے لئے یوکرین کے سرحدی علاقوں میں تعینات ہو جائے گی۔

ٹیگس