Mar ۰۷, ۲۰۲۲ ۰۷:۵۲ Asia/Tehran
  • یوکرین کے عوام امریکہ کی شیطانی پالیسی کا شکار ہوئے ہیں: صدر رئیسی

اسلام جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ یوکرین کے عوام امریکہ کی شیطانی پالیسی کا شکار ہوئے ہیں۔

صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ یوکرین کے عوام امریکہ کی شیطانی پالیسیوں کی نذر ہو گئے ہیں، تاہم اسلامی جمہوریہ ایران جنگ کے خلاف ہے اور جتنی جلدی جنگ رک جائے اتنا ہی اقوام عالم کے حق میں ہے۔

صدر ایران کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق سید ابراہیم رئیسی نے اتوار کے روز اپنی کابینہ کے اجلاس میں کہا کہ یوکرین کے عوام افغان یمنی اور عراقی عوام کی مانند امریکہ کی شیطانی پالیسیوں کا شکار ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیسا کہ قائد انقلاب اسلامی نے بھی فرمایا ہے کہ ہم ہر حال میں جنگ کے مخالف ہیں اور جتنا جلدی جنگ کا خاتمہ کر دیا جائے اتنا اقوام کے حق میں ہے اور اتنا ہی نقصانات اور مشکلات کو کم کیا جا سکتا ہے۔

صدر ایران نے اسی طرح ویانا میں پابندیوں کے خاتمے کے سلسلے میں جاری مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ وزارت خارجہ اور اسکی مذاکرات کار ٹیم مذاکرات اور اس سے جڑے مسائل کو آگے بڑھا رہی ہے مگر حکومت اپنے کسی بھی اقدام کو مذاکرات اور جامع ایٹمی معاہدے پر منحصر نہیں کرے گی۔

سید رئیسی نے واضح کیا کہ جامع ایٹمی معاہدہ ایران کی تمام خارجہ پالیسی کے مترادف نہیں ہے بلکہ خارجہ پالیسی کا صرف ایک مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھے مہینوں میں حکومت کی کامیابی کا راز یہ تھا کہ وہ اپنے تمام امور منجملہ اپنی خارجہ پالیسی میں مکمل طور پر سنجیدہ رہی ہے اور ان میں سے کسی کام کی جامع ایٹمی معاہدے یا ویانا مذاکرات کے نتیجے کے ساتھ گرہ بندی نہیں ہے۔

ٹیگس