May ۱۲, ۲۰۲۲ ۱۹:۳۷ Asia/Tehran
  • بیرونی مداخلت خطے کی سلامتی کے لئے خطرناک ہے: صدر ایران

صدر ایران نے ہر قسم کی بیرونی مداخلت کو خطے کی سلامتی کے لئے خطرناک قرار دیا ہے۔

صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے جمعرات کی شام امیر قطر تمیم بن حمد آل ثانی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں علاقے کے مسائل کا ذکر کیا اور کہا کہ بیرونی اور مغربی ملکوں کی مداخلت خطے کی سلامتی کے حق میں نہیں ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ علاقے کے مسائل کے بارے میں ایران اور قطر کے نظریات ایک ہیں، کہا کہ یمن کا محاصرہ جلد از جلد ختم ہونا چاہئے ۔ سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ یمن کے عوام کو اپنے ملک کے بارے میں فیصلہ کرنے کا حق اور موقع ملنا چاہئے۔

صدر ایران نے غزہ کا محاصرہ بھی ختم ہونے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انھوں نے خاتون رپورٹر شیرین ابوعاقلہ کی شہادت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے وحشیانہ اقدامات صیہونی حکومت کو ہرگز سیکورٹی فراہم نہیں کرسکتے اور یہ وحشیانہ جرائم صیہونی حکومت سے نفرت میں اضافہ کریں گے۔

امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے بھی اس مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ خطے کے مسائل کو حل کرنے کے لئے گفتگو اور مذاکرات کے سوا اور کوئی راستہ نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صدر ایران کے ساتھ ان کی ملاقات میں فلسطین، شام، عراق اور یمن کے بارے میں گفتگو ہوئی۔ امیر قطر جمعرات کو ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ سرکاری دورے پر تہران پہنچے ہیں۔

ٹیگس