ایرانی وزیر خارجہ کا دورۂ ہندوستان، عبد اللہیان: اہانت رسول (ص) برداشت نہیں
ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے دورہ نئی دہلی میں ہندوستان کی قومی سلامتی کے مشیر سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کی توسیع کے بارے میں گفتگو کی۔ اس سے قبل دہلی پہنچے پر انہوں نے ہندوستان کی گزشتہ تاریخ میں پر امن بقائے باہمی کا ذکر کرتے ہوئے واضح کیا کہ اہانت رسول ہرگز برداشت نہیں ہے۔
سحر نیوز/ہندوستان: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان اعلی سطحی وفد کے ہمراہ ہندوستان کے دورے پر بدھ کی علی الصبح نئی دہلی پہنچے۔ انہوں نے ہندوستان کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال سے ملاقات کی.
اس ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور مختلف علاقائی و بین الاقوامی مسائل نیز مشترکہ تعاون کی توسیع کے طریقوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ ایرانی وزیر خارجہ اور ہندوستانی قومی سلامتی کے مشیر نے اپنی ملاقات میں علاقے کی تازہ ترین صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور خطے میں سیکورٹی کے استحکام کے تعلق سے باہمی تعاون کو پہلے سے بھی زیادہ فروغ دینے پر تاکید کی۔
ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے ہندوستان پہنچنے پر نئی دہلی میں ہمارے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان کے اعلی حکام کے ساتھ مذاکرات کا اہم ایجنڈا طویل المدت تعلقات کے روڈ میپ کو حتمی شکل دینا ہے۔
انہوں نے تہران اور نئی دہلی کے تعلقات کو خوشگوار بتایا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف وفود کے آپسی دوروں سے مختلف شعبوں میں یہ تعلقات مزید فروغ پائے ہیں
حسین امیر عبد اللہیان کا یہ دورہ ایسے میں انجام پا رہا ہے کہ اس ملک کی حکمراں جماعت بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما اور اسی طرح پارٹی کے دہلی میڈیا ہیڈ نوین جندل نے خود سرانہ طور پر پیغمبر اکرم حضرت محمد مصطفی (ص) کی شان اقدس میں گستاخی کی ہے جس پر ایران سمیت عالم اسلام کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے، یہاں تک کہ بعض ممالک میں ہندوستانی مصنوعات کی بائیکاٹ مہم شروع کر دی گئی ہے۔ جبکہ کئی ملکوں میں ہندوستان کے سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کر کے سخت متنبہ کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے امیر عبد اللہیان نے ہمارے نامہ نگار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اہانت رسول اسلام کے سلسلے میں ہندوستان کی قومی سلامتی کے مشیر نے سخت اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ایسے ملک میں جو پرامن بقائے باہمی کا گہوارہ ہے، قطعاً دوبارہ اس قسم کے اقدامات کی اجازت نہیں دے گی۔ عبد اللہیان کے مطابق اجیت ڈوبھال نے یہ بھی کہا کہ انہیں بہت افسوس ہے کہ ان کے سفر کے موقع پر انہیں ایسی صورتحال کا سامنا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ ہندوستان نے ہمیشہ پرامن بقائے باہمی کی راہ میں قدم آگے بڑھایا ہے اور ہندوستان میں مختلف مذاہب کے پیروکاروں نے پرامن زندگی بسر کی ہے۔
انہوں نے تاکید کی کہ مسلمان پیغمبر اسلام (ص) کی شان اقدس میں گستاخی کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔
قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اپنے ہندوستانی ہم منصب کی دعوت پر نئی دہلی پہنچے ہیں جو اس ملک کے مختلف اعلی حکام سے الگ الگ ملاقات کریں گے۔ اسکے علاوہ شیعہ و سنی علماء سے ملاقات بھی ان کے پروگرام میں شامل ہے۔