Jun ۰۹, ۲۰۲۲ ۱۸:۲۲ Asia/Tehran
  • تہران اور نئی دہلی، ادیان الہی اور اسلامی مقدسات کے احترام پر متفق ہیں

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ تہران اور نئی دہلی کے درمیان ادیان الہی اور اسلامی مقدسات کے احترام اور تفرقہ انگیز بیانات و اقدامات سے اجتناب کی ضرورت پر اتفاق پایا جاتا ہے۔

سحر نیوز/ایران: ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے جو ہندوستان کے دورے پر ہیں، نئی دہلی میں ہندوستانی حکام سے باہمی اسٹریٹیجک مذاکرات کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ 
وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہندوستانی وزیرا ‏عظم نریندر مودی، وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور دیگر ہندوستانی حکام سے ان کی ملاقاتیں نہایت مثبت رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تہران اور نئی دہلی کے درمیان ادیان الہی، اسلامی مقدسات کے احترام اور تفرقہ انگیز بیانات دینے سے پرہیز کی ضرورت پر اتفاق پایا جاتا ہے۔وزیر خارجہ امیر عبد اللہیان نے کہا کہ ایران اور ہندوستان اپنے باہمی تعلقات کو اعلی ترین سطح تک بڑھانے کے لئے پرعزم ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی، قومی سلامتی کے امور کے مشیر اجیب ڈوبھال اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جن مں مختلف دوطرفہ معاملات اور اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر بات چیت کی گئی۔ امیر عبد اللہیان نے اپنے دورہ ہندوستان میں واضح کردیا تھا کہ دنیا بھر کے مسلمان شان رسالت میں گستاخی کو کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کریں گے۔

بعض خبروں میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ نے ہندوستانی حکام سے ملاقات میں بی جے پی کے بعض لیڈروں کے ذریعے شان رسالت میں کی گئی اہانت کا معاملہ بھی اٹھایا- تہران میں ہندوستان کے سفیر کو پہلے ہی وزارت خارجہ میں طلب کرکے ہندوستان کی حکمراں جماعت کے بعض لیڈروں کی شان رسالت میں گستاخی پر احتجاج درج کرا دیا گیا تھا۔
ہندوستان کی بر سر اقتدار جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے دو عہدیداروں نے گذشتہ ہفتے پیغمبر اسلام (ص) کی شان میں نازیبا اور توہین آمیز باتیں کی تھیں جس پر نئی دہلی کے خلاف علاقائی و عالمی سطح پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔
اگرچہ ہندوستان کی بر سر اقتدار جماعت بی جے پی نے چند روز کے بعد اپنی ترجمان نوپور شرما کو ان کے عہدے سے معطل اور نئی دہلی میں میڈیا سیل کے سربراہ نوین کمار جندال کو پارٹی سے باہر کر دیا اور اعلان کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی تمام ادیان کا احترام کرتی ہے، لیکن شان رسالت میں گستاخی کے خلاف احتجاج کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور گستاخوں کو سزا دئے جانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

ٹیگس