Jun ۱۰, ۲۰۲۲ ۰۸:۵۹ Asia/Tehran
  •  دھمکی اور مغربی قراردادیں فضول ، ایران ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹے گا : صدر ایران

صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے ایٹمی توانائی کی ایجنسی کی قرارداد پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی عوام پر کوئی بھی اپنا زور نہیں چلاسکتا اور تہران اپنے اصولی اور جائز موقف سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔

سحر نیوز/ایران: آئی اے ای اے کی ایران مخالف قرار داد کے بارے میں صحافیوں کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے صدرمملکت سید ابراہیم رئیسی کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ قرارداد صیہونی حکومت کی شہ پر منظور کی گئی ہے، تاہم میں ہمیشہ کی طرح واضح کردینا چاہتا ہوں کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے موقف سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔

صدر ابراہیم رئیسی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ، اس طرح کے اقدامات ایرانی قوم کو ترقی وپیشرفت سے نہیں روک سکتے اور آخرکار منہ زور طاقتوں کو اس قوم کے حقوق کو تسلیم کرنا ہی پڑیں گے۔

اس سے پہلے صوبہ چہار محال وبختیاری میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ابراہیم رئیسی کا کہنا تھا کہ ایرانی قوم ارادوں کی جنگ میں ڈٹی ہوئی ہے اور وائٹ ہاوس کے ترجمان کو اعتراف کرنا پڑا ہے کہ زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کی پالیسی بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔

صدرمملکت نے کہا کہ اس اعتراف کا واضح مطلب یہ ہے کہ ایرانی قوم نے امریکہ کو شکست دینے کا پختہ ارادہ کر رکھا ہے۔

ایران نے مئی دوہزار اٹھارہ میں ، ایٹمی معاہدے سے امریکہ کی غیر قانونی علیحدگی کے باوجود اس معاہدے کو باقی رکھنے کی بھرپور  کوشش کی اور دیگر فریقوں کی جانب سے وعدوں کی تکمیل کی شرط پر، اس معاہدے پر عملدرآمد جاری رکھا۔ تاہم یورپی فریق اپنے وعدوں پر عملدرآمد نہ کرسکے۔

اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے، مئی دوہزار انیس میں ایرانی پارلیمنٹ نے، اپنے حقوق اور عمل کے درمیان توازن پیدا کرنے کے لیے ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد بتدریج روکنے کا حکم دیا تھا۔

ایٹمی معاہدے کی شق چھبیس اور چھتیس میں اس بات کا حق دیا گیا ہے کہ ، دیگر فریقوں کی جانب سے عملدرآمد میں کوتاہی کی صورت میں ایران بھی معاہدے پر جزوی یا مکمل طور سے عملدرآمد روک سکتا ہے۔

ایک ذمہ دار ملک کی حیثیت سے اسلامی جمہوریہ ایران بارہا اعلان کرچکا ہے کہ وہ تمام پابندیوں کے عملی طور پر ختم ہوجانے کی صورت میں ایٹمی معاہدے پر دوبارہ عملدرآمد کے لیے تیا ر ہے۔

قابل ذکر ہے کہ آئی اے ای اے نے چین اور روس کی مخالفت کے باوجود، امریکہ اور یورپی ٹرائیکا کی ایران مخالف قرار داد منظور کی ہے۔

سیاسی محرکات کی حامل یہ قرارداد غاصب صیہونی حکومت کو خوش کرنے کی غرض سے منظور کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے اپنی ایک کشتی کے عوض یونان کی دو کشتیوں کو  کنٹرول میں لے کر کے ثابت کر دیا ہے کہ مار کر بھاگنے کا زمانہ گزر گیا، ہم دشمن کا آخری حد تک پیچھا کریں گے۔

صدر رئیسی نے کہا کہ یونانیوں نے اب کہا ہے کہ وہ ایران کے تیل بردار جہاز کو واپس کریں گے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہم ایرانی عوام کے حقوق کا ہر حال میں تحفظ کریں گے اور ہم دشمنوں کی گھناؤنی سازشوں کو ناکام بنانے پر کمربستہ ہیں۔ انہوں نے مغربی ممالک کو مخاطب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ تم نے بین الاقوامی برادری میں اپنے سیاسی اثر و رسوخ سے کئی قراردادیں پاس کیں، لیکن کیا وہ کارآمد ثابت ہوئیں؟ فلسطین کے معاملے میں کیمپ ڈیویڈ قرارداد پر، شرم الشیخ اور اوسلو چند خود ساختہ عربوں کے لالچ میں ایک میز پر بیٹھ گئے، لیکن کیا ان سے کچھ حاصل ہوا؟ آج بھی جدت عمل فلسطینی مجاہدین کے ہاتھ میں ہے۔

ٹیگس