Jun ۱۳, ۲۰۲۲ ۰۸:۰۳ Asia/Tehran
  • بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی اسرائیل اور امریکہ کے اشاروں پر نہ چلے: ایرانی اسپیکر

ایران کے اسپیکر نے بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کی قرارداد کو معاندانہ اقدام قراردیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے اقدامات سے سفارتی کوششوں کو کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔

سحر نیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے 260 نمائندوں نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے آئی اے ای اے میں ایران کے خلاف یورپی ممالک کی قرار داد کی مذمت کی۔

در ایں اثناء اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کی قرارداد سے ویانا مذاکرات کو کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔

ایران کے اسپیکر نے بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کی قرارداد کو معاندانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے اقدامات سے سفارتی کوششوں کو کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی نے ایران کے بھرپور تعاون کا جواب درست نہیں دیا ہے، بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی کو اسرائیل اور امریکہ کے اشاروں پر کام نہیں کرنا چاہیے، ہم بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی کے غیر تعمیری اقدام کا اصولی اور منطقی جواب دیں گے۔ ہم اپنے قومی اور ملکی مفادات کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے۔

دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کے کمیشن برائے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کے ترجمان محمود عباس زادہ مشکینی نے کہا ہے کہ آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنز، ایران کیخلاف قرارداد کی منظوری سے امریکہ اور مغربیوں کا ساتھ دینے کے درپے تھا لیکن اس قرارداد کی کوئی قانونی اور بین الاقوامی حیثیت نہیں ہے۔

ٹیگس