بے بنیاد الزامات کی تکرار نے اقوام متحدہ کی ساکھ کو متاثر کیا ہے: ایران
کاظم غریب آبادی نے ایران میں انسانی حقوق کی صورتحال سے متعلق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی رپورٹ کے جواب میں ایک ٹوئٹر پیغام میں اپنے سخت رد عمل کا اظہار کیا۔
سحر نیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی عدلیہ کے نائب سربراہ برائے بین الاقوامی امور اور انسانی حقوق کے سربراہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی رپورٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف بے بنیاد الزامات کی تکرار، اقوام متحدہ کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیکرٹری جنرل کی رپورٹ پر جس میں ایران کے نقطہ نظر کا ایک فیصد سے بھی کم لحاظ کیا گیا ہے ایک نظر ڈالنا ان کے اس دعوے کو غلط ثابت کرنے کے لیے کافی ہے کہ رپورٹ میں ایرانی حکومت کی فراہم کردہ معلومات بھی شامل ہیں۔
کاظم غریب آبادی نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی طرف سے ایران میں انسانی حقوق کی صورتحال کے نام نہاد خصوصی نمائندے "جاوید رحمان" کے بے بنیاد اور من گھڑت الزامات کو کاپی پیسٹ کرنا اس تنظیم کی ساکھ کو متاثر کرتا ہے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں انسانی حقوق کی صورتحال سے متعلق ایران سے کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کے رپورٹروں کے ساتھ تعاون کرے۔