ایران کی طرف سے افغانستان کے زلزلہ متاثرین کیلئے امداد کی پہلی کھیپ روانہ
ایران کی ہلال احمر نے افغانستان میں آنے والے زلزلے کے متاثرین کیلئے امداد کی پہلی کھیپ افغانستان روانہ کر دی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی ہلال احمر کے سیکریٹری یعقوب سلیمانی نے ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے افغانستان کے زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شدید زلزلے سے متاثر ہونے والوں کیلئے ہم نے امدادی اشیاء کی پہلی کھیپ میں 400 خیمے اور 800 دری اور فرش ارسال کئے۔
انہوں نے کہا کہ امدادی اشیاء کی یہ کھیپ کل رات تہران سے ایک فوجی طیارے کے ذریعے ارسال کی گئی جبکہ دوسری کھیپ صوبہ سیستان و بلوچستان کے راستے سے ارسال کی جائے گی جس میں 1200 دری، 600 خیمے اور ایک ہزار غذائی اشیاء پر مشتمل پیکج شامل ہیں۔
واضح رہے کہ افغانستان میں منگل کی شب آنے والے زلزلے سے اب تک 1000 افراد جاں بحق اور 1500 زخمی ہوئے ہیں۔
طالبان نے تمام ملکوں اور اقوام متحدہ سے امدادی اشیاء بھیجنے کی اپیل کی ہے۔