Jul ۱۰, ۲۰۲۲ ۰۸:۳۵ Asia/Tehran
  •  ایران کے صدر اور اسپیکر نے اسلامی ممالک کے سربراہوں کو عیدالاضحی کی مبارکباد دی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر اور پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اسلامی ممالک کے سربراہوں کو عیدالاضحی کی مبارکباد دی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے اسلامی ممالک کے سربراہان کے نام میں الگ الگ پیغامات میں ان کو عید الاضحی کی مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس بابرکت عید کی آمد پر اسلام اور حضرت محمد مصطفی (ص) کی تعلیمات کے سائے میں مومنین کے دل ایک دوسرے کے مزید قریب ہوں گے اور تمام مسلمان شاندار طریقے سے اتحاد کی راہ پر گامزن ہوجائیں گے جس سے تمام بین الاقوامی محاذوں میں امت مسلمہ کی عزت اور کامیابی میں مزید اضافہ ہوگا۔

سید ابراہیم رئیسی نے اسلامی ممالک کے سربراہان کے نام اپنے پیغامات میں مزید کہا کہ عید الاضحیٰ، عبادت کا خالص ترین مظہر، اللہ رب العزت کے سامنے سر تسلیم خم کرنے، خود قربانی دینے کی علامت اور الہی آزمائش میں حضرت ابراہیم کے سرخرو  ہونے اور مومنوں کے لیے انکے بطور امام اور نمونہ منتخب ہونے کی عید ہے۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اسلامی ممالک کے اپنے ہم منصبوں سمیت دنیائے اسلام کی بعض مذہبی اور سیاسی شخصیات کے نام الگ الگ پیغامات میں ان کو عیدالاضحی کی  مبارکباد دی۔

محمد باقر قالیباف نے ان پیغامات میں کہا ہے کہ میں عید الاضحی کی سب کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ عید الاضحی، دنیاوی رشتوں کو خاطر میں نہ لانے، اللہ رب العزت کے سامنے سر تسلیم خم کرنے، عبادت کا شاندار مظہر اور مسلمانوں کے اتحاد و یکجہتی کی علامت ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس عظیم دن کی برکت سے تمام اسلامی ممالک میں قیام امن اور استحکام برقرار ہو جائے گا اور مسلمانوں کے درمیان برادرانہ اور دوستانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

ٹیگس