روس ہندوستان پہلی کنٹینر ٹرین ایران میں داخل
روس سے ہندوستان کے لیے چلنے والٹے پہلی کنٹینر ٹرین، سرخس کے راستے ایران میں داخل ہوگئی۔
ایران کے نائب صدر محمد مخـبر نے ایک آن لائن تقریب کے دوران روس ہندوستان ٹرانزٹ کنٹینر ٹرین کے ایران کی سرحد میں داخلے کا حکم دیا۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر محمد مخبر کا کہنا تھا کہ ملک کی علاقائی پوزیشن کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹرانزٹ کی پوری گنجائشوں سے فائدہ اٹھانا ہماری حکومت کی اقتصادی پالیسیوں میں سرفہرست ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر سید ابراہیم رئیسی شروع ہی سے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارتی لین دین کے حجم میں اضافے پر زور دیتے آئے ہیں۔
ایران کے نائب صدر نے مزید کہا کہ وزارت ٹرانسپورٹ کی کوشش ہے کہ ملک کی ٹرانزٹ گنجائش کو پہلے مرحلے میں آٹھ ملین ٹن اور اس کے بعد بیس ملین ٹن تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سہولتوں میں اضافہ کرکے ملک کی ٹرانزٹ گنجائش کو تین سو ملین ٹن تک لے جانے کا امکان پایا جاتا ہے۔
ایران کے نائب صدر کا کہنا تھا کہ ٹرانزیٹ کے مواقع اور گنجائشوں سے فائدہ اٹھانے سے جہاں بے پناہ اقتصادی فوائد حاصل ہوتے ہیں وہیں اسلامی جمہوریہ ایران کے لئے سیاسی اور عالمی تعلقات کے میدانوں میں بھی غیر معمولی فوائد حاصل ہوں گے ۔