Jul ۲۲, ۲۰۲۲ ۱۲:۰۶ Asia/Tehran
  • ایران اور سعودی عرب کے مابین سلامتی کے بعد اب سیاسی امور پر مذاکرات

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ایران سے سیاسی اور عام مذاکرات کی درخواست کی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے گزشتہ شب ایران کی نیوز ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں گزشتہ ہفتے کے دوران عراقی وزیر خارجہ کیجانب سے ایک پیغام موصول ہوا جس میں سعودی عرب نے اس بات پر آمادی ظاہر کی تھی کہ ایران سے سلامتی کے مذاکرات کے بعد اب سیاسی اور عام مذاکرات کئے جائیں جس کے نتیجے میں اسلامی جمہوریہ ایران اور سعودی عرب کے مابین سفارتی تعلقات بحال ہوجائیں۔

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے سعودی عرب سے 5 دور کے مذاکرات کیے جو اکثر سیکیورٹی اور سلامتی کے سلسلے میں تھے اور ان 5 دور کے مذاکرات میں پیشرفت دیکھنے میں آئی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ حج کے انعقاد کے حوالے سے بھی معاہدے کیے گئے اور مجموعی طور پر ہم نے اس سال اچھا حج دیکھا۔

حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے تہران میں سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور بہت جلد عرب امارات کے سفیر تہران میں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کویت نے بھی ایران میں تعینات ہونے والے اپنے سفیر کو متعارف کرایا ہے اور ہم نے اس بات سے اتفاق کیا ہے اور آئندہ چند دنوں میں کویتی سفیر تہران میں تعینات ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری پالیسی ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے روابط پر استوار ہے۔

ٹیگس